آئین کی حکمرانی رہے تو پاکستان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا : نوازشریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے جمہوری دور میں ترقی کی، ایٹمی قوت بنا، موٹر وے بنے اور راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے لئے جدید سفری سہولیات کا میٹرو بس منصوبہ دیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت راولپنڈی اسلام آباد کی مسلم لیگی قیادت اور تمام مزدور اور عملہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میٹرو منصوبے کی بدولت شہریوں کو باوقار اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی، آئندہ تین سالوں میں ملک سے بجلی کی قلت کا خاتمہ کر دیں گے، لاہور سے کراچی اور ہزارہ موٹر وے پر کام جلد مکمل ہوگا، چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے جو ترجیحی بنیادوں پر مکمل ہوگا۔ یہ نیا پاکستان ہے، اچھی سڑکیں بن رہی ہیں، خنجراب سے گوادر تک موٹر وے بنے گا، عوامی قیادت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ سال 23 مارچ کو میٹرو بس سروس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا جو قلیل مدت میں مکمل ہوا۔ انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین، طالب علموں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو فائدہ ہوگا جو کم وقت اور کم خرچ کے ساتھ اعلیٰ سفری سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ میٹرو منصوبے کی تکمیل کے ساتھ مری روڈ پر بھی ٹریفک میں روانی آئی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ آج کوئی ہمارے منصوبے پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شفافیت کا مظہر ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو منصوبہ کے بعد کراچی میں بھی میٹرو بس سروس وفاقی حکومت شروع کرنے والی ہے، ہم اگلے تین سالوں میں پاکستان میں بجلی کی قلت کو ختم کر دیں گے اور بجلی کی قیمت بھی کم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں ہونے والی کمی کے فوائد عوام کو منتقل کئے، ہم نے خزانے میں کوئی رقم نہیں رکھی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کے اتفاق رائے سے پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبے کا آغاز ہوا، قومی قیادت نے اس منصوبہ کیلئے بڑی ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر بھی سب نے اکٹھا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا جمہوریت ہی ڈلیور کرتی ہے، ماضی میں کبھی جمہوری دور میں پاکستان کی کسی کے ساتھ جنگ نہیں ہوئی، جنگیں صرف مارشل لاءدور میں ہوئیں، اور اس کا احساس پارلیمنٹ، میڈیا اور تمام اداروں سمیت سب کو ہونا چاہئے۔ اگر آئین کی حکمرانی رہے گی تو اس ملک کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور یہ ملک ترقی کے دور میں داخل ہوتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا دہشت گردی کے خلاف ہم نے فیصلہ کن جنگ کا آغاز کیا، ہمارے جوانوں اور افسران نے جام شہادت حاصل کیا، وہ یقیناً خراج عقیدت کے مستحق ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے اور ان تمام عناصر کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کراچی میں اغواءبرائے تاوان اور بھتہ خوری کے واقعات عملاً ختم ہو چکا ہے۔ کراچی میں امن تیزی کے ساتھ واپس آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہماری سیاسی حکومت، فوج اور دیگر ادارے تمام مجرموں کی بیخ کنی کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا عنقریب لاہور سے کراچی تک موٹر وے مکمل ہو جائے گی۔ وزیراعظم نے میٹرو منصوبہ میں کام کرنے والے مزدوروں کے لئے پانچ کروڑ روپے بطور انعام کا اعلان بھی کیا۔وزیراعظم پاکستان سے نہ صرف بجلی کی قلت ختم ہو جائے گی بلکہ بجلی بھی سستی ہو جائے گی پچھلے تین ماہ میں ساڑھے پانچ روپے فی یونٹ بجلی سستی کی جا چکی ہے، ہمارے دشمنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ بلوچستان میں ترقیاتی عمل شروع ہے وہاں پر بہتری آ رہی ہے۔ بلوچستان کے ترقےاتی منصوبے مکمل کرائے جائےں گے۔ انہوں نے قلیل مدت میں میٹرو بس منصوبہ مکمل کرانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے شہباز شرےف کی ڈیوٹی لگائی تھی کہ اس منصوبے کو قلیل ترین مدت میں پورا کریں، سو پورا کر دکھاےا، اقتصادی راہداری پر بھی سب کا شکر گزار ہوں سب نے اتفاق کیا، ملک میں ہمیشہ جمہوری دور میں ترقی ہوئی ہے، جو بھی منصوبے شروع ہوئے وہ سب جمہوری دور میں شروع کئے گئے لیکن بدقسمتی سے یہاں پر جمہوریت کو کام نہیں کرنے دیا جاتا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کہا پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی رہے گی تو اس ملک میں ”ستے ای خیراں“ ہیں۔ عسکری و سیاسی قیادت اور اداروں نے عزم کررکھا ہے کہ دہشت گرد رہیں گے یا ہم اور انشااللہ ہم رہیں گے، دہشت گرد ختم ہوں گے۔ کراچی میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری کے واقعات ختم ہوچکے ہیں۔ امن تیزی سے واپس آرہا ہے، روشنیاں بحال ہورہی ہیں، ہم جب اقتدار میں آئے تو ملک میں دہشت گردی تھی اور معیشت تباہ حال تھی۔ دہشت گرد بزدل لوگ ہیں وہ کبھی کبھی اب بھی کوئی حرکت کر گزرتے ہیں تاکہ بتائیں کہ وہ ابھی زندہ ہیں۔ وہ کہیں نہ کہیں دہشت گردی کرتے رہتے ہیں۔ بلوچستان میں انہوں نے معصوم لوگوں کو بسوں سے نکال کر مار ڈالا۔ سیاسی قیادت اور فوج نے تہیہ کیا ہے کہ مجرموں کی بیخ کنی کریں گے۔ ہم نے اے پی سی میں جس مغربی روٹ کا وعدہ کیا تھا اس کیلئے اس بجٹ میں 30 ارب روپے رکھ دیئے ہیں۔ پشاور سے اسلام آباد اور لاہور تک موٹروے بن چکی ہے، اب یہ کراچی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ہم آئندہ 3 سالوں میں ساڑھے 10 ہزار میگاواٹ بجلی دیں گے۔ دعا کیا کریں گے اللہ ترقیاتی کاموں کو نظربند سے بچائے۔ ہمارے دشمنوں کو ترقی ہضم نہیں ہورہی، وہ اسے تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ خٹک صاحب بتائیں ہم پشاور میں بھی میٹروبس بنادیں گے۔ عبدالمالک صاحب بلوچستان کی خدمت کررہے ہیں۔ ہمارا ہر تعاون ان کے لئے حاضر ہے۔ قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن کے دوران 18 افراد کی ہلاکت پر دکھی ہوں۔ ہم پر دھاندلی کا الزام لگانے والے بری طرح ناکام ہوئے جو کچھ خیبر پی کے میں ہوا سب نے دیکھ لیا ہے۔ ایاز صادق کی جانب سے صدر ممنون کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب میں شرکت کے موقع پر وزیراعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن کے دوران بدترین دھاندلی کی گئی، ایسا تو عا م انتخابات میں بھی نہیں ہوا۔ کیا یہ نیا پاکستان ہے جس میں لوگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ یہ مکافات عمل ہے جو لوگ کل تک ہم پر دھاندلی کا الزام لگا رہے تھے وہ آج خود دھاندلی میں ملوث ہیں۔ خیبر پی کے میں دوبارہ بلدیاتی کے حوالے سے عمران خان کے بیان پر وزیر اعظم نے کہا کہ اس حوالے سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتیںآپس میں مشاورت کے بعد متفقہ فیصلہ کریں گی۔
اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ملک میں تمام طبقوںکےلئے برابر کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن ایک مخصوص اشرافیہ اس کو روکنا چاہتی ہے، عوامی فائدے کی ہر نئی سکیم پر تنقید شروع کردی جاتی ہے ، موٹروے پر تنقید کرنےوالے اب اس پر سفر کرتے نہیں تھکتے ، وزیر اعظم نے بہت بڑے دباﺅ کے باوجود دشمن کو للکارتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس کی وجہ سے دشمن آج سو بار کوشش کے باوجود ملک کی طرف میلی آنکھ نہیں دیکھ سکتا، وزیر اعظم کا پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کا ادھورا خواب پوراکرینگے ، چین کی طرف سے ملنے والے 43 ارب ڈالر میں سے 23 ارب بجلی کے منصوبوں کےلئے ہیں اب اگر ہم کوشش کریں گے تو اندھیرے چھٹ جائیں گے، ان سب کا سہرا وزیر اعظم نواز شریف کے سر ہے، ہم سب کو عہد کرنا ہو گا کہ سب کو مل کر پاکستان کو بنانا ہو گا اور چاروں اکائیوں کو مل کر ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا ہو گا، کوئی عام روٹ نہیں ہے کہ بس بنی گالہ کھڑی ہے یا بس کو چکری پر چکر آ گیا ہے لیکن یہ بس اگر چلے گی تو پیسے ملیں گے ، اگر ایک سیکنڈ بھی کھڑی ہو گی تو اسے جرمانہ عائد کیا جائے گا ، دنیا کا کوئی بھی میٹرو بس سسٹم پاکستان کے میٹرو بس سسٹم کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ وہ جمعرات کو یہاں جناح کنونشن سنٹر میں راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ آج ایک بڑا تاریخی دن ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد بس کے آغاز میں صوبہ بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب موجود ہے، قائم علی شاہ بھی آ رہے تھے لیکن ضروری کام کے باعث نہیں آ سکے، یہ قومی یکجہتی کا ثبوت ہے کہ اس قومی منصوبے پر جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو اسلام آباد راولپنڈی کا نام دینا زیادتی ہے کیونکہ یہاں پر تو پورے پاکستان سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد بستی ہے اس لئے اس کو پاکستان میٹرو منصوبہ کہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بنیاد رکھتے وقت میں نے وعدہ کیا تھا کہ یہ منصوبہ 25 دسمبر تک 9 ماہ میں مکمل ہو جائے گا لیکن میں 9 ماہ کا وعدہ تو پورا کر سکا لیکن دسمبر کا وعدہ پورا نہ کر سکا اس منصوبے پر 14 ماہ لگے لیکن 5 ماہ کام کسی وجہ سے بند رہا اگر وہ 5 ماہ 14 میں سے نفی کر دیں تو باقی 9 ماہ ہی بنتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ میٹرو بس کےلئے 44 ارب کی رقم مختص تھی لیکن اس منصوبے کےلئے 39 ارب تھے اور 5 ارب پشاور موڑ منصوبے کےلئے تھے جو اس سے ہٹ کر ہے اور اس منصوبے کے 39 ارب میں سے 2 ارب بچ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر 24 سٹیشن بنائے گئے ہیں اور 23 کلو میٹر طویل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مائیں اور بزرگ جس حالت میں سفر کرتے تھے وہ پاکستان کی توہین ہے لیکن اب سب لوگ اسی بس پر سفر کر کے احترام کے ساتھ جائیں گے، ”اب ایک ہی صف میں کھڑے ہوں گے محمود و ایاز، نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز “۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ نے ہمارے ملک کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کے ساتھ ہماری قوم کو بھی دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے، کچھ تو بڑی بڑی گاڑیوں پر سفر کرتے ہیں اور کچھ کےلئے سو اری بھی میسر نہیں ہوتی، اب احتجاج پر دوران میٹرو پر پتھر نہیں پڑیں گے بلکہ وہ یہ ہی سوچے گا کہ میرے لئے بھی ایک مہنگی سواری میسر ہے، جس سے ہم وقت پر اور وقار کے ساتھ اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سٹیشن اور میٹرو بس میں وائی فائی انٹرنیٹ کی سہولت بھی موجود ہے، ہمارے بچے بیٹھ کر نیٹ کے ذریعے اخبارات بھی پڑھ سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ اس ملک میں سب کےلئے برابر کا نظام ہو گا لیکن ایک مخصوص اشرافیہ اس کو روکنا چاہتی ہے ہم کوئی بھی سکیم شروع کریں تو اس پر تنقید کی جاتی ہے، لیپ ٹاپ سکیم پر کچھ کہتی ہے اور میٹرو چلائیں تو پھر بھی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے موٹروے کے بنتے ہوئے بھی بہت تنقید کی گئی تھی لیکن اب سب لوگ اس پر سفر کرتے ہیں اب میں وزیر اعظم سے کہتا ہوں کہ اب ملتان میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد بھی آپ رکھیں، اور وہ بھی ہم مخصوص وقت میں مکمل کرلیں گے، آج میرا دیس منصوبے کی تکمیل سے ہماری سب تھکاوٹیں دور ہو گئی ہیں اور ایک سیکنڈ بھی کھڑی ہو گی تو اسے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی میٹرو بس سسٹم پاکستان کے میٹرو بس سسٹم کا مقابلہ نہیں کر سکتا جو بھی اس پر سفر کرے گا وہ محسوس کرے گا کہ یہ عوام کےلئے واقعی ہی بہت بڑا تحفہ ہے، میں اسحاق ڈار کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اسلام آباد کے پیسے ڈھیلے چھوڑے ، احسن اقبال کا مشکور ہوں جوہر منصوبے پر اڑ پھس کرتے لیکن اس منصوبے میں نہیں کی، چوہدری نثار علی خان کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے سکیورٹی دی، سابق سیکرٹری نوید اکرم چیمہ کا بھی مشکور ہوں انہوں نے بھی بہت کوشش کی منصوبے کےلئے، کمشنر راولپنڈی سعید احمد اور حنیف عباسی کا بھی مشکور ہوں اسے چیئرمین بنایا اس نے محنت کی اور ثابت کیا کہ وہ (ن) لیگ کا ہی سپاہی ہے، آئندہ الیکشن میں بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ خود ہی مل جائے گا۔
شہباز شریف