پاکستان زمبابوے سیریز میں فول پروف سکیورٹی، آئی سی سی بھی متاثر
دبئی (سپورٹس ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈ سن نے پاکستان زمبابوے سیریز کے کامیاب انعقاد پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی طرف پہلاقدم قرار دیتے ہوئے پاکستان کر کٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کی۔۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لوگ کرکٹ سے محبت کرنے والے ہیں۔ میچوں میں عوام کی بھرپور شرکت کرکٹ سے محبت اور جنون کو ظاہر کرتا ہے۔ امید ہے کہ محمد عامر نے غلطیوں سے سبق سیکھ لیا ہوگا۔انسان سے غلطی ہو جاتی ہے ‘عامر سے بھی ہوئی‘وہ ذہین کرکٹر ہے ‘امید کرتاہوں اچھے انداز میں کرکٹ میں واپسی ہوگی۔ ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ زمبابوے ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران بہترین سکیورٹی فراہم کی گئی جو اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کے انعقاد اور کرکٹ کی بہتری کے لئے دعاگو ہیں۔