• news

سابق فیفا اہلکار چک بلیزرنے ورلڈ کپ 2010ء کیلئے رشوت کا اعتراف کر لیا

لندن (سپورٹس ڈیسک)سابق فیفا اہلکار چک بلیزر کے 2013 میں نیویارک کی عدالت میں بیان کیے گئے اعتراف جرم کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔چک بلیزر نے نیویارک کی عدالت میں جنوبی افریقہ میں فٹبال عالمی کپ منعقد کروانے کیلئے رشوت لینے کا الزام قبول کر لیا ۔ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اور فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان نے 2010 میں جنوبی افریقہ کو عالمی کپ کی میزبانی کے لیے رشوت لی تھی۔ انھوں نے 1998 کے عالمی کپ میں بھی رشوت قبول کی تھی۔چک بلیزر 1990 سے 2001 تک فیفا کے شمالی اور وسطی امریکہ اور جزائر غرب الہند خطے کے دوسرے اہم ترین عہدیدار رہے تھے۔ وہ 1997 سے 2013 تک فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن بھی رہے تھے۔امریکہ کے محکمہ انصاف نے الزام عائد کیا کہ 24 سال کے عرصہ میں 90 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی رشوت دی گئی ہے۔فیفا کے سابق نائب صدر جیک وارنر نے کہا ہے کہ وہ فٹبال کی عالمی تنظیم کی اعلیٰ انتظامیہ میں مبینہ بدعنوانی کے بارے میں جو کچھ بھی جانتے ہیں منظر عام پر لائیں گے۔وہ ان چودہ افراد میں شامل ہیں جنہیں امریکی تفتیشی اداروں کے سامنے مبینہ بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن