امہ برما کے مسلمانوں کی دل کھول کر مدد کرے: حافظ سعید
لاہور( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پرعالمی اداروں کا طرز عمل منافقانہ ہے۔انسانی حقوق کے نام نہادبین الاقوامی اداروں کو ہزاروں برمی مسلمانوں کا بہتا ہواخون کیوں نظر نہیں آتا؟ مسلم حکمران متحد ہو کر مسلمانوں کو بدھسٹوں کے مظالم سے نجات دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔ مسلم امہ برما کے مظلوم مسلمانوں کی دل کھول کر مددکرے۔جماعۃالدعوۃ مظلوم روہنگیا مسلمانوںکی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔حکومت پاکستان راہداری منصوبہ کے خلاف بھارتی بیان بازی کا سخت نوٹس لے اور’’ را‘‘ کی دہشت گردی بے نقاب کرنے کیلئے سفارتی مہم تیز کرے۔وہ جماعۃالدعوۃ لاہورکے زیر اہتمام مرکزالقادسیہ چوبرجی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعیدنے کہا کہ برما میں نہ صرف مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے بلکہ مسلمان خواتین کی عصمت دری اور ہزاروں افراد کو زندہ جلانے کے ہولناک واقعات بھی ہورہے ہیں لیکن بین الاقوامی دنیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا تو درکنار ان کے حق میں آواز تک بلند نہیں کی جارہی۔ برما کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم جاری ہیں۔معصوم بچوں، عورتوں اور مردوں کو زندہ جلایاجارہا ہے۔ ہزاروں افراد شہید اور لاکھوں ہجرت پر مجبور ہیں‘ان کے پاس کھانے کیلئے لقمہ ہے نہ پینے کیلئے پانی‘ پاکستانی قوم سے اپیل ہے کہ وہ مظلوم برمی مسلمانوں کی امدادکیلئے دل کھول کر عطیات جمع کروائے۔ بھارت نے پاکستان کے وجود کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا اور اسے وطن عزیز کی ترقی کسی صورت گوارا نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ اگرچہ بھارت کا اس راہداری منصوبہ سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن اس کے باوجود وہ تخریب کاری و دہشت گردی کے ذریعہ اس منصوبہ کو ناکامی سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔