• news

خضدار: بارش سے تباہی‘ کئی افراد ریلے میں بہہ گئے‘ 18 لاپتہ‘ 16 نعشیں نکال لی گئیں

خضدار + وڈھ (نیوز ایجنسیاں) خضدار کے علاقے شاہ نورانی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی اور ریلہ کئی افراد کو بہا لے گیا خواتین سمیت 16 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں ہیں جبکہ 18 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل وڈھ کے علاقہ شاہ نورانی کے قریب کوہنڑاور کوڑیانگ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، ایک ہی گائوں کے پورے خاندان کو پانی کی بے رحم موجیں بہا کر لے گئیں۔ علاقہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق مرد خواتیں اور بچے سمیت 14افراد کی نعشیں نکال لی گئیں۔ مزید لوگوں کی تلاش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ 18افراد تاحا ل لاپتہ ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی خضدار سید عبدالوحید شاہ ریسکیو کی ٹیمیوں ہمراہ متاثرہ علاقہ پہنچ کر ہنگامی طور پر امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مقامی لوگ بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ شاہ نورانی اور دیگر علاقوں سے مختلف ذرائع سے آمدہ اطلاعات کے مطابق شاہ نورانی کے قریب پہاڑی علاقوں کوہنڑاور کوڑیانگ کے بلند بالا پہاڑیوںمیں شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طوفانی طغیانی آنے کے باعث ندی کے قریب واقع کنارے کلی مندارو میں شاہ نورانی کے چیئرمین سعید احمد مینگل کے کلی کو پانی کے لہروں نے بلڈوز کرکے پورے کلی کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا۔ متاثرہ گائوں کے ریسکیو ٹیموں نے 14نعشیں نکال لی ہیں مزید تلاش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ گوٹھ حاجی اسحاق، گوٹھ حاجی فضل کو بھی پانی کی موجوں نے متاثر کیا ہے جبکہ شاہ نورانی میں متعدد کچے مکانات زمین بوس ہو گئے۔ علاقے کا دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا، امدادی کارروائیوں میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ لیویز حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اچانک بارش اور نالوں میں طغیانی سے خضدار میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ علاقے میں کثیر تعداد میں کچے مکانات اور فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ علاقے کا دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق ریلے میں بہہ جانے والے افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے مزید ٹیمیں بھی بھیجی جا رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن