• news

بلدیاتی ادارے آزادانہ فرائض انجام دینگے، صوبائی حکومت مداخلت نہیں کریگی: پرویزخٹک

پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے واضح کیا ہے کہ بلدیاتی ادارے مکمل طور پر آزادانہ طریقے سے اپنے فرائض انجام دیں گے جس کیلئے صوبائی حکومت اپنے اختیارات ان اداروں کو منتقل کر رہی ہے۔ صوبائی اور مقامی حکومتیں ایک دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کر سکیں گی۔ منتخب بلدیاتی اداروں کو تعلیم، صحت، مال اور پولیس سمیت تمام ضلعی محکموں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنی ہوگی اور ان محکموں کی اصلاح کیلئے صوبائی حکومت نے جو اصلاحات اور اقدامات کئے ہیں ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ یہ باتیں انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ، مانسہرہ اور سوات کے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے آزاد بلدیاتی کونسلروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے آزاد کونسلروں کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ایسا نظام تشکیل دیا ہے جس سے صوبائی سطح پر اختیارات کی مرکزیت ختم ہو اور بنیادی سہولتوں سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے بلدیاتی ادارے صحیح معنوں میں بااختیار ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام نے ہماری دو سالہ کارکردگی سے مطمئن ہو کر دوسری بار پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس لئے ہمیں لوگوں کی توقعات پر ہر صورت میں پورا اترنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں لوڈ شیڈنگ میں کمی اور خراب ٹرانسفارمروں کی فوری تبدیلی کیلئے صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن