سعد رفیق بحالی کیس: اپیل کی سماعت کے دوران اعتراضات داخل نہیں ہوسکتے: سپریم کورٹ
اسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی رکنیت کی بحالی کے حوالے سے کیس کی سماعت 22جون تک ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپیل کی سماعت کے دوران اعتراضات داخل نہیں کئے جاسکتے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی وزیر سعد رفیق کے مخالف امیدوار حامد خان نے اپیل میں اعتراضات داخل کئے ہیں، جس پر حامد خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پہلے اعتراضات پر فیصلہ کیا جائے تو خواجہ حارث نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ میں نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کررکھی ہے جس کیخلاف اعتراضات داخل نہیں کئے جاسکت، حامد خان اگر چاہیں تو اپیل دائر کر سکتے ہیں۔