گھانا: پٹرول سٹیشن پر دھماکے‘ آتشزدگی میں 96 اور سیلاب سے 54 افراد ہلاک
عکرہ (بی بی سی+رائٹرز)افریقی ملک گھانا کے دارالحکومت عکرہ میں آگ بجھانے والی سروس کے مطابق ایک پٹرول سٹیشن پر دھماکے کے بعد آتشزدگی کے نتیجے میں 96 اور سیلاب کے سبب 54 افراد ہلاک ہو گئے۔عکرہ میں گذشتہ دو دن سے شدید بارشوں کے نتیجے میں کئی لوگ بے گھر ہو گئے اور ان میں سے متعدد پٹرول سٹیشن پر پناہ لئے ہوئے تھے۔بی بی سی کے نامہ نگار سیمی ڈارکو کے مطابق بظاہر آگ اس وقت لگی جب لوگ پٹرول سٹیشن پر پناہ لئے ہوئے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ جائے وقوعہ پر ابھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق آگ بھجانے والے ادارے کے ترجمان بیلی اینگلیٹ نے بتایا کہ آگ سیلابی پانی کی وجہ سے لگی۔’پانی کے ساتھ پٹرول سٹیشن سے ڈیزل اور پٹرول بہہ کر ایک قریبی مکان تک پہنچ گیا اور وہاں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی۔‘گھانا کے صدر جان ماہما نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا اور لوگوں کو پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے حکام کو سیلاب اور آگ کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کی ہدایت کی۔متعدد گاڑیاں اور سڑکیں سیلابی پانی میں بہہ گئی ہیں جبکہ سینکڑوں افراد اپنے دفاتر میں محصور ہیں اور کئی افراد نے رات گاڑیوں میں سو کر گزاری۔بارشوں کی وجہ سے شہر میں توانائی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔