• news

حکمرانوں کی توجہ عوامی مسائل نہیں جنگلہ بس پر ہے: پرویز الٰہی

لاہور+ کامونکے (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام کیلئے مفت ادویات، مفت تعلیم، سستی بجلی اور آبپاشی کیلئے وافر پانی کی ہماری سہولت ختم کرنے والے موجودہ حکمران صرف جنگلہ بس دکھا رہے ہیں نواز شریف کشمیر کا نام لیتے ہوئے کیوں شرماتے ہیں اس لئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو کہنا پڑا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ وہ این اے 108 میں پاہڑیانوالی، منڈی بہائو الدین اور دیگر مقامات پر اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ادویات نہیں ہیں لوگ تعلیم بجلی اور صاف پانی سے محروم ہیں۔ ڈاکوؤں، چوروں اور قاتلوں نے عوام کا جینا مشکل کر رکھا ہے۔ حکمرانوں کی توجہ عوامی مسائل پر نہیں صرف جنگلہ بس سروس پر ہے ایک روٹ کے سوا باقی شہروں اور دوسرے اضلاع کو اس کا کیا فائدہ ۔ مسلم لیگ (ن) کسانوں کے خلاف ہے یہ جب بھی آتے ہیں کسان مصیبت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے مزید کہا ہے کہ ایم پی اے چودھری شمشاد احمد خاں کا قتل پنجاب حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے وزیراعلیٰ نے ساری پولیس کو اپنی حفاظت پر لگا رکھا ہے انہیں دوسروں کے جان ومال کی کوئی پروا نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم پی اے چودھری شمشاد احمد خاں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ چودھری شمشاد خاں ایک بے شمار خوبیوں سے مالا مال سیاستدان تھے جن کے دل کے اندر ہروقت ملک وقوم کیلئے کچھ کرنے کی لگن رہتی تھی۔انہوں نے کہاکہ چودھری شمشاد کے قتل سے نہ صرف کامونکے کے عوام ایک اچھے سیاستدان سے محروم ہوگئے ہیں بلکہ میں بھی اپنے قریبی ساتھی اور اچھے انسان سے محروم ہوگیا ہوں انکے قتل کی کتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ اتنے دن گزر جانے کے باوجود حکومت انکے قاتلوں کا سراغ نہیں لگا سکی، قاتل جو کوئی بھی ہے اسے کڑی سزا ملنی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن