ایران تمام مسائل کی جڑ‘ مشرق وسطیٰ کے اندرونی معاملات میں مداخلت تشویشناک ہے: یورپی یونین
برسلز (اے این این+ آن لائن) یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ میں تمام مسائل کی جڑ ہے۔ تہران تمام ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا مرتکب ہے۔ ایران میں انسانی حقوق کی پامالیاں، ایرانی حکومت کی مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مداخلت انتہائی تشویشناک ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یورپی یونین کے220 ارکان پارلیمنٹ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں خبردار کیا ہے کہ ایران میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور ایرانی حکومت کی جانب سے مشرق وسطی کے ممالک میں مداخلت تشویش کا باعث ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ نے ایک مشترکہ بیان پر دستخط کیے ہیں جس میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں ایران کی مداخلت کو روکنے اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے موثراقدامات کرے۔ یورپی یونین کے ارکان پارلیمنٹ نے ایرانی حکومت سے بھی پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرتے ہوئے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔ سزائے موت پراندھا دھند عمل درآمد بند کیا جائے۔ حقوق نسواں کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کی شخصی اور سماجی آزادیوں پرعائد قدغنیں ختم کی جائیں۔ نیز اقلیتوں کے مذہبی اور قومی حقوق کا خاص خیال رکھا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران کے موجودہ صدر حسن روحانی کے دور حکومت میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ ایران پھانسی کی سزائوں پرعمل درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ مشترکہ بیان میں ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر بھی اپنی رائے کا کھل کراظہار کیا ہے اور کہا کہ تہران عالمی توانائی ایجنسی کے تمام سوالوں کے جوابات کو یقینی بنائے۔ نیز ایرانی حکومت تمام مشکوک فوجی اور حساس تنصیبات کے دروازے عالمی معائنہ کاروں کے لیے کھول دے تاکہ وہ تسلی کے ساتھ چھان بین کرسکیں۔