• news

تعلیم کیلئے 71.5 ارب، 50 ہزار نوجوانوں کو انٹرن شپ دینے‘پی ایچ ڈی الاونس کا اعلان

اسلام آباد (اے پی پی + آن لائن) ایچ ای سی کے سرکاری منصوبوں کیلئے 20.5 ارب روپے رکھے گئے ہیں جن سے ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی جائے گی، اس کے علاوہ جاری اخراجات کیلئے بھی ایچ ای سی کو 51 ارب روپے دیئے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اعلی تعلیم کیلئے کل ملا کر 71.5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو پچھلے برس کی نسبت 14 فیصد زیادہ ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا ہے کہ وزیراعظم انٹرن شپ پروگرام جاری رکھا جائے گا، اگلے سال سکیم کے تحت 50 ہزار نوجوانوں کو انٹرن شپ دی جائے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ سکل پروگرام کا دائرہ کار دینی مدارس اور قیدیوں تک پھیلایا جائے گا۔ وزیراعظم یوتھ سکیم سے اب تک 20 ہزار نوجوان مستفید ہوچکے۔ انٹرن شپ کرنے والے طلبہ کو ماہانہ 12 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔ ملک میں ایم اے پاس بے روزگار نوجوانوں کو انٹرن شپ دی جائے گی۔ وفاقی حکومت میں کام کرنے والے پی ایچ ڈی، ڈی ایس سی ڈگری کے حامل ملازمین کو 10 ہزار روپے ماہانہ پی ایچ ڈی الاﺅنس دیا جائے گا جو موجودہ سائنس و ٹیکنالوجی الاﺅنس ساڑھے 7 ہزار روپے اور پی ایچ ڈی الاﺅنس 2250 روپے کی جگہ لے گی۔ ہائر ایجوکیشن کمشن کی جاری سکیموں کے لئے 4 ارب 57 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ دریں اثناءآن لائن کے مطابق تعلیم کے لئے 16 ارب 42 کروڑ جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لئے 20 ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
تعلیم بجٹ

ای پیپر-دی نیشن