• news

پنجاب میں ضلع سے وارڈ کی سطح تک پیپلز پارٹی کو منظم کیا جائیگا: بلاول

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اعتزاز احسن نے جمعہ کو بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اعتزاز احسن نے انتخابات 2013ء میں ہونیوالی مبینہ دھاندلی کے خلاف جوڈیشل کمیشن کے امور پر بھی پارٹی قیادت کو آگاہ کیا۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کاکہنا ہے بلاول نے کہا پنجاب میں ضلع سے وارڈ کی سطح تک پیپلزپارٹی کو منظم کیا جائیگا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کریں گے۔ جلد پنجاب کا دورہ کروں گا اور عوام اور کارکنوں سے ملاقاتیں کروں گا۔ انہوں نے کہا پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے پیپلز پارٹی ماضی کی طرح اب بھی اور آئندہ بھی ایوانوں میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کیلئے جلد صوبائی قیادت کا اجلاس بلایا جائیگا۔ اس موقع پر آصف زرداری نے کہا پیپلزپارٹی ملکی مسائل کے حل کیلئے جمہوری قوتوں سے رابطہ جاری رکھے گی ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت مزید مضبوط ہو۔ یہ وقت سیاسی انتشار بازی کا نہیں بلکہ متحد ہو کر ملک کو چیلنجز سے نکالنے کے لیے جدوجہد کرنے کا ہے۔ کراچی سے این این آئی کے مطابق سپریم کورٹ میں پی ایس 76 کے زیر سماعت کیس کو پراثر اور مضبوط بنانے کیلئے پیپلز پارٹی کی قیادت کے حکم پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور پی ایس 76 کے امیدوار عزیز جونیجو نے بلاول ہائوس پہنچ کر آصف زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران عزیز جونیجو نے پارٹی قیادت کو زیر سماعت پی ایس 76 کے کیس کے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی اس موقع پر کیس کی اور قانونی پیچیدگیوں کا جائزہ لیاگیا۔ کراچی آن لائن کے مطابق سینیٹر رحمان ملک نے جمعہ کے روز بلاول ہائوس میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ رحمان ملک نے اس موقع پر اوورسیز پارٹی کی تنظیم نو کے معاملات پر بات چیت کی اور کے پی کے میں حالیہ منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن