• news

گوالمنڈی: لوہے کی لفٹ گرنے سے محنت کش جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

لاہور (نامہ نگار) گوالمنڈی کے علاقہ میں ایک ریسٹورنٹ کی سامان اوپر پہنچانے کیلئے بنائی گئی لوہے کی جنگلا نما لفٹ نیچے گرنے سے ایک نوجوان محنت کش جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے نسبت روڈ کیمرہ مارکیٹ کے قریب واقع ریسٹورنٹ ریڈچلی کے مالکان نے سامان اوپر کی منزل پر پہنچانے کیلئے لوہے کا جنگلا بناکر اسے زنجیر سے اوپر کھینچنے کی لفٹ بنا رکھی تھی۔گزشتہ روز اس جنگلا نما لفٹ میں سامان رکھ کر اوپر کی منزل پر پہنچایا جارہا تھا کہ جنگلے میں لگا لوہے کا کنڈا ٹوٹ گیا اور لفٹ نیچے آگری جس سے جنگلا اوپر گرنے سے دو افراد راشد اور حسیب شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں رات گئے راشد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ حسیب کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں افراد محنت کش تھے اور وہاں سے گزر رہے تھے کہ لفٹ اوپر گرنے سے زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ہوٹل کے منیجر سمیت دو افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ متوفی راشد شیخوپورہ کا رہائی تھا، اسکے ورثاء کو اطلاع کردی گئی ہے۔ ورثا کی جانب سے درخواست ملنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن