کراچی: سانحہ صفورا کا پانچواں ملزم گرفتار،4 ساتھیوں کا 14 روزہ ریمانڈ
کراچی (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) کراچی میں سانحہ صفورہ کے دوران اسماعیلی برادری کی بس پر فائرنگ میں ملوث ایک اور دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا جس نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔ ملزم اسد الرحمٰن عرف ملک کے قبضہ سے سانحہ صفورہ میں استعمال ہونے و الی گاڑی اور 2 نائن ایم ایم گنز بھی برآمد ہوئیں۔ بتایا گیا ہے اسد الرحمان بس کے اندر براہ راست فائرنگ میں بھی ملوث ہے جو حملے کے بعد گاڑی میں اپنے ساتھیوں کو نامعلوم مقام پر لے گیا تھا۔ علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ میں ملوث 5 ملزموں کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار چار ملزموں کی نشاندہی پر اسد الرحمان کو پکڑا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے ابھی تفتیش مکمل نہیںکی، اس لئے ملزموں ملزمان سے مزید تفتیش کیلئے انکا جسمانی ریمانڈ جاری کیا جائے۔ خصوصی عدالت کے جج نے 14روزہ کا جسمانی ریمانڈ دیدیا تاہم تفتیشی افسر کو ہدایت کی ملزموں پر تشدد نہ کیا جائے۔