• news

تحریک انصاف کا وائٹ پیپر جھوٹ کا پلندہ، مضحکہ خیز ہے: زعیم قادری

لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے جاری کردہ وائٹ پیپر جھوٹ کا پلندہ اور انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ وائٹ پیپر میں دیئے گئے اعداد و شمار مفروضوں پر مبنی ہیں، بہتر ہوتا کہ محمودالرشید پہلے حقائق کو معلوم کر لیتے۔ دھاندلی کا شور مچانے والے کے پی کے میں ریکارڈ دھونس دھاندلی کے بعد منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ پنجاب میں فیصلے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے کئے جاتے ہیں جبکہ کے پی کے فیصلے بنی گالہ میں ہوتے ہیں۔ زعیم قادری نے ایک بیان میں کہا کہ تبدیلی کے نعرے لگانے والے اپنے صوبے میں عوام کی محرومیوں کو تو دور نہیں کر سکے وہ دوسروں پر کس منہ سے تنقید کرتے ہیں۔ پولیس کی غیر جانبداری کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کا بلدیاتی الیکشن نے بیچ چورا ہے بھانڈا پھوڑ دیا ہے اور پی ٹی آئی نے پولیس کی مدد سے صوبہ بھرمیں تاریخ کی بدترین دھاندلی کی ہے۔ زعیم قادری نے کہا کہ پنجاب میں دوسرے صوبوں کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل تھانوں کا قیام صوبے میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کام اپنی مثال آپ ہیں میرٹ اور شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو کے افتتاح کے بعد پی ٹی آئی کے لیڈر حواس باختہ ہو چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن