عمران بیانات کے ذریعے بلدیاتی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی چھپا نہیں سکتے: رانا ثناء
لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان بیانات کے ذریعے کے پی کے میں ہونے والی دھاندلی پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ بلدیاتی انتخابات میں جس طرح قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں اس سے انصاف کے دعویداروں کے اصولوں کا پول کھل گیا۔ تبدیلی کے نعرے لگانے والے کے پی کے میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ پولیس ریفارمز کے دعوے ہوا میں اڑ گئے۔ اور گڈ گورننس کا راگ الاپنے والوں کا چہرہ عوام نے دیکھ لیا ہے۔ عمران خان جلسے جلوس میں قوم کا وقت ضائع کرنے کی بجائے خیبر پی کے میں عوام کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دیں۔ الزام تراشی عمران خان کی سیاست کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف پورے صوبے میں ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اورکسانوں کو ان کی پیداوار بروقت منڈی تک پہنچانے کے لئے وزیراعلیٰ روڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔