جڑانوالہ، چیچہ وطنی سمیت کئی شہروں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس بھی نایاب
جڑانوالہ/ چیچہ وطنی (نامہ نگاران) جڑانوالہ، چیچہ وطنی سمیت کئی شہروں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بلبلا اٹھے، جبکہ سوئی گیس کی بندش سے خواتین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جڑانوالہ میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، بجلی کی قلت کے باعث عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئی ہے، سکول اور دفتری اوقات میں بجلی کی ساتھ گیس کی لوڈشیڈنگ نے تو عوام کی زندگی اجیر ن کر دی ہے جس کی وجہ سے صبح کے وقت کاروباری افراد کو بھی اپنی دکان دفاتر پر جانے کیلئے پریشانی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہوٹلز پر صبح کے وقت رش بڑھ گیا ہے جبکہ کم آمدنی والے افراد اس پر یشانی سے دو چار ہیں، بجلی اور گیس کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ پر مذہبی جماعتوں ، انجمن تاجران ، معززین شہریوں اور عام افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری قابو پایا جائے۔ چیچہ وطنی میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے گھریلو خواتین شدید پریشان ہیں، سوئی گیس نہ ہونے سے نہ صرف شام کا کھانا اور صبح کا ناشتہ بنانے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ دوپہر کے وقت بھی گیس کی بندش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔