• news

ننکانہ، شیخوپورہ اور گجرات میں انتخابی تھیلوں سے فارم 15 حاصل کرنیکا کام مکمل، رپورٹ الیکشن کمشن کو بھیج دی گئی

ننکانہ + شیخوپورہ + گجرات (نامہ نگاران) جوڈیشل کمشن کے حکم پر ننکانہ، شیخوپورہ اور گجرات میں انتخابی حلقوں کے تھیلے کھولنے کا کام مکمل ہو گیا، رپورٹ الیکشن کمشن کو بھجوا دی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب عبدالناصر کی زیر نگرانی ضلع ننکانہ صاحب کے پانچ صوبائی اور تین قومی اسمبلی کے حلقوں کے تھیلوں سے فارم 15 جوڈیشل کمیشن میں بھجوانے کے سلسلہ میں کام مکمل ہوگیا ہے جبکہ ننکانہ صاحب کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 135، 136 ،137 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 170, ، 171، 172، 173، 174 کے پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں سے فارم 15نکالنے کے لئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخوپورہ کی زیر نگرانی ضلع کچہری ننکانہ صاحب میں گزشتہ روز چھان بین کی گئی اس موقع پر الیکشن کمشن کا عملہ بھی موجود تھا۔ ذرائع کے مطابق قومی و صوبائی حلقوں کے کچھ پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں سے فارم 15غائب تھے جبکہ کچھ پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں میں فارم 15تو موجود تھے مگر وہ پھٹے ہوئے تھے اور ان پر کچھ بھی پڑھا نہ جارہا تھا جبکہ بعض پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں کی سیلیں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔ قومی اسمبلی کے چار اور صوبائی اسمبلی کے آٹھ حلقوں کے فارم 15کے بارے میں رپورٹ تیار کرکے الیکشن کمشن آف پاکستان کو بھیج دی گئی ہے ، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ این اے 131, این اے 132، این اے 133اور این اے 134 اور پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 162، پی پی 163، پی پی 164، پی پی 166، پی پی 167 ، پی پی 168اور پی پی 169کے جن تھیلوں میں فارم 15دستیاب نہ پائے گئے تھے اور جن تھیلوں میں سیلیں ٹوٹی ہوئی تھیں ، ان کے بارے میں رپورٹ میں نشاندہی کردی گئی۔ ضلع گجرات میں قومی اسمبلی کے چاروں حلقے کھل گئے۔ این اے 106 اور این اے 107 کے ووٹوں کے تھیلے ایڈیشنل سیشن جج کھاریاں اور الیکشن کمشنر کی زیرنگرانی کھول کران میں سے فارم 15 نکالا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن