• news

صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اختیار الیکشن کمشن کو منتقل

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اختیار الیکشن کمشن کو دینے کی منظوری دیدی، اب کمشن کو صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے صوبائی حکومتوں کی رضا مندی کی ضرورت نہیں ہو گی، کمشن بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 دنوں بعد از خود الیکشن کرانے کیلئے با اختیار ہو گا۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنوینئر زاہد حامد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ ڈاکٹر عارف علوی، شیریں مزاری، شازیہ مری سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔ کمیٹی نے آئین کی شق 140۔اے میں بھی ترمیم کی سفارش کر دی۔ کمیٹی کے استفسار پر ای سی پی حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق فراہم کرنے کیلئے کمشن نے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے۔ کمیٹی نے ورکنگ گروپ میں کمیٹی کی نمائندگی کیلئے ڈاکٹر عارف علوی اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو بھی ورکنگ گروپ کا رکن نامزد کر دیا۔ اجلاس کے بعد زاہد حامد نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ ای سی پی کے ورکنگ گروپ میں کمیٹی کی نمائندگی نہیں تھی اس لئے دو ارکان کو نامزد کیا۔ بائیو میٹرک سسٹم اور الیکٹرانک ووٹنگ کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی نے بھی ایک رپورٹ کمیٹی کے حوالے کی تھی۔ اجلاس میں یو این ڈی پی رپورٹ کی کاپیاں ارکان میں تقسیم کر دی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن