توانائی منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کر رہے ہیں‘ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ 2017ءمیں مکمل ہو گا : شہباز شریف
لاہور+ کامونکے+ سادھوکے (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) وزیراعلی شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ پراجیکٹ کے سربراہ سانگ تائی جی نے بریفنگ دی۔ شہبازشریف نے کہاکہ ملک میں صنعتی ، تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے۔حکومت بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ توانائی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیاجا رہا ہے۔کوئلے ، پانی ، ہوا، سولر،گیس اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا ابتدائی ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے ۔ کراچی سے کوئلے کی ٹرانسپوٹیشن کے لئے ریلویز کے ساتھ معاہدہ طے پا چکا ہے۔ ساہیوال میں 660 میگا واٹ کے 2کول پاور پراجیکٹس لگائے جا رہے ہیں۔ منصوبے سے مجموعی طو رپر 1320میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ منصوبے پر تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کو یقینی بناتے ہوئے شفافیت کے ساتھ عملدر آمد کیا جائے گا۔ قومی اہمیت کا حامل ےہ منصوبہ 2017 میں مکمل ہوگا۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے200 پاکستانی انجینئرز کو چین میں تھرمل انجینئرنگ کی تربیت دلائے گی۔ پاکستانی انجینئرز کی چین میں تربیت کے حوالے سے 7روز کے اندر جامع پروگرام مرتب کر کے پیش کیا جائے۔ انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور میں تھرمل انجینئرنگ کے شعبے کے قیام کا جائزہ بھی لیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے پاک سوزوکی کے مینجنگ ڈائریکٹر ہیرو فومی ناگا¶ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت انڈسٹری کی ترقی و فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب میں ”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت نوجوانوں کو میرٹ پر گاڑیاں دی جا رہی ہیں۔ شہباز شریف کامونکی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رانا شمشاد احمد خان کی رہائشگاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے ذاتی طور پر رانا شمشاد احمد خان اور ان کے بیٹے کے قتل کے واقعہ پر دلی رنج ہوا ہے۔ ملزم سخت ترین سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔
شہباز شریف