پاکستان سپرلیگ جنوری 2016ء میں کرانے کیلئے پی سی بی کے رابطے شروع
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے انعقاد کے لئے زور شور سے کوششوں کا آغاز کردیا ہے اور جنوری 2016میں ٹی ٹونٹی لیگ کے انعقاد کی توقع کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے لئے کوششوں کا سنجیدگی سے آغاز کرتے ہوئے پی سی بی حکام نے مختلف سطح پر رابطے شروع کردئیے ہیں۔ اسی سلسلے میں گذشتہ دنوں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی، سی اواو سبحان احمد، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بدر خان،مارکیٹنگ کے شعبے کی سربراہ نائلہ بھٹی اور دیگر عہدیداران نے دبئی میں مختلف سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق یہ ملاقاتیں حوصلہ افزا رہیں اور انہی کے تناظر میں جنوری 2016میں پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کی امید کی جارہی ہے۔