• news

متحدہ نے سندھ کا 668 ارب کا شیڈو بجٹ پیش کردیا، بلدیاتی الیکشن کیلئے رقم مختص

کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ نے نئے مالی سال کیلئے سندھ کا 6کھرب 68ارب روپے کا شیڈو بجٹ پیش کردیا ہے ۔ایم کیو ایم نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے مالی سال میں حکومت اپنے وسائل کا ساڑھے 57 فیصد ضلعی حکومتوں کے توسط سے ترقیاتی کاموں پر خرچ کرے۔ یہ شیڈو بجٹ ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے ایک پریس کانفرنس میں پیش کیا ۔ ایم کیو ایم کے شیڈو بجٹ میں پانی، توانائی، تعلیم، مواصلات، صحت اور زراعت کے شعبوں کیلئے مثبت تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بجٹ میں 82 ارب روپے کے اخراجات بجٹ دستاویزات میں مبہم انداز میں دکھائے جاتے ہیں۔ یہ پیسے کہاں خرچ ہوتے ہیں، آئندہ بجٹ میں اسکی تفصیلات درج ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو خصوصی پیکیج دیا جائے۔ شیڈو بجٹ میں بلدیاتی الیکشن کیلئے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کی آمدنی کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے ۔پراپرٹی ٹیکس کا پورے صوبے میں نفاذ کیا جائے ۔کراچی 95 فیصد پراپرٹی ٹیکس ادا کرتا ہے ۔اسٹیمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن پر ٹیکس کی شرح کم کرکے ایک فیصد کی جائے۔ کراچی کے تمام صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی سہولت کی فراہمی کیلئے 2 ارب روپے مختص کئے جائیں۔ حکومت صوبے میں مربوط صنعتی پالیسی کا اعلان کرے۔ گرین لائن بس کیلئے 16 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے صرف بسوں کے شیڈز ہی تعمیر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کیلئے 47 ارب کا ترقیاتی پیکیج صرف ایک دکھاوا تھا۔ کراچی کو خصوصی پیکج دیا جائے۔K4 منصوبے کے پہلے اور دوسرے فیز کیلئے رقم مختص کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن