• news

تنخواہوں میں اضافہ مذاق ہے: ایپکا، گوجرانوالہ، ساہیوال میں سرکاری ملازمین کا مظاہرہ

گوجرانوالہ+ ساہیوال (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) آل ٖپاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے گوجرانوالہ اور ساہیوال میں ہنگامی اجلاس ہوئے جس میں انہوں نے حالیہ بجٹ کو مسترد کر دیا۔ ایپکا گوجرانوالہ کے اجلاس میں طاہر محمود بھٹی و دیگر نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ساڑھے سات فیصد اضافہ مذاق ہے۔ بجٹ میں عوام کے لئے کچھ نہیں تنخواہوں میں اعلان کردہ اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ تمام ملازمین کا مشترکہ اجلاس بلا کر احتجاج ہوگا۔ میاں عبدالشکور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ایپکا ودیگر نے کہا کہ تمام ایڈہاک ریلیف الائونسز بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نئے پے سکیل بنائے جائیں۔ علاوہ ازیں بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 15% نہ بڑھانے پر ساہیوال بورڈ کے سامنے ایپکا اور دیگر محکموں کے سرکاری ملازموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔ گورنمنٹ کالج ساہیوال نزد ساہیوال بورڈ کے سامنے ایپکا کے ضلعی صدر چودھری مبشر کے زیر اہتمام ایک بڑی تعداد میں سرکاری ملازموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اعلی پاکستانی احکام سے مطالبہ کیا کہ بیوروکریسی کی تنخواہیں سو فیصد بڑھائی گئی جبکہ درمیانے طبقے کی تنخواہیں ساڑھے سات فیصد بڑھانا ظلم کے مترادف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن