اندرونی تنازعات کا شکار ریاستیں تباہ ہو جاتی ہیں : آرمی چیف ....قوم کے تعاون سے دہشت گردوں کی کمین گاہوں‘ انفراسٹرکچر کا خاتمہ کر دیا
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کا مقصد پاکستان اور خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ریاستیں اندرونی تنازعات کا شکار ہوں وہ تباہ ہوجاتی ہیں کیونکہ انکے ادارے بالخصوص مسلح افواج اس قابل نہیں رہتیں کہ وہ برقرار رہ سکیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ سری لنکا کے موقع پر کولمبو میں کوئٹہ ایلومینائی ایسوسی ایشن (جو سری لنکا کے پاکستان میں تربیت حاصل کرنیوالے فوجیوں) کے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا سری لنکا اور پاکستان کے درمیان خوشگوار اور خصوصی تعلقات ہیں، دونوں ملکوں نے دہشت گردی کے خلاف عزم کا اظہار کیا ہے، قوم کے تعاون سے دہشت گردوں کی کمین گاہیں اور انکا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ کردیا ہے، اسکے واضح اثرات سامنے آئے ہیں۔ بطور قوم ہمارا عزم ہے اس آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے خواہ اس کیلئے کتنی قربانیاں دینا پڑیں اور کتنا وقت صرف کرنا پڑے۔ ترقی اور استحکام کے سفر میں اپنے سری لنکن بھائیوں کے ہم قدم ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سری لنکن فوج کی قربانیاں اور عزم قابل ستائش ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں سکیورٹی تعاون بنیادی حیثیت رکھتا ہے، آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف طویل جنگ پر سری لنکن فوج کی مہارت سراہتے ہوئے کہا کہ اندرونی دہشت گردی کے خلاف سری لنکا کا ماڈل بہترین ہے۔ اس سے قبل تقریب میں آمد کے موقع پر سری لنکن آرمی چیف نے جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سری لنکا میں تعمیری ملاقاتیں ہوئیں، آرمی چیف کے دورے سے پاکستان سری لنکا عسکری تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان خصوصی دفاعی اور سلامتی کے شعبہ میں تعاون دونوں ملکوں کے تعلقات کا بنیادی جزو ہے، ہم اپنے بھائیوں کی وسیع تر سلامتی اور خوشحالی کیلئے ہمیشہ انکے ساتھ کھڑے ہوں گے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سری لنکن مسلح افواج کے عزم، پروفیشنلزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے آرمی چیف نے کہا کہ جارحیت کیخلاف انکا کردار اور بعدازاں پائیدار امن کیلئے کاوشیں اہم ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور علاقے میں امن اور استحکام کےلئے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔
جنرل راحیل شریف