• news

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات آج ہونگے‘ فوجی افسروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات....

گلگت +منڈی بہاﺅ الدین (نامہ نگار+ آئی این پی) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے پولنگ آج بروز پیر ہو گی۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ فوج کے نگرانی میں ہو گی جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی چوکس رہیں گے۔ گلگت بلتستان کے ساتوں اضلاع میں 24 جنرل نشستوں میں 1143 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ ضلع گلگت کی تین جنرل نشستوں کے لئے 209 ضلع استور کی دو نشستوں کے لئے 95، ضلع دیام کے 4 حلقوں میں 148، ضلع غذر کے 3 حلقوں میں 143، ضلع سکردو کے 6 حلقوں میں 281، ضلع گانچھے میں 3 جنرل نشستوں کے لئے 149 اور ضلع ھنزہ نگر کی نشستوں کے لئے 118 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی وزارت داخلہ نے ساتوں اضلاع کے 1143 پولنگ سٹیشنوں پر فوج کی نگرانی میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مجموعی طور پر 282 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 269 کو حساس قرار دے کر ان کی سکیورٹی کو فول پروف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتخابات میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، اسلامی تحریک، مجلس وحدت المسلمین سمیت 17 سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ پی پی پی نے 22، مسلم لیگ ن نے 24 پی ٹی آئی نے 21 حلقوں میں امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ ان تینوں جماعتوں کے امیدواروں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے تاہم کئی حلقوں میں اسلامی تحریک مجلس وحدت المسلمین کے امیدواورں کا بھی کافی اثرورسوخ بتایا جاتا ہے۔ آئی این پی کے مطابق انتخابات کے لئے سخت دفاعی انتظامات کئے گئے ہیں۔ فوجی افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات بھی دیئے گئے ہیں۔ انتخابات میں 6 لاکھ ایک ہزار سات سوسے زائد رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں ٹیکنو کریٹس کی 3جبکہ خواتین کی 6 مخصوص نشستیں ہیں جن کو ملا کر کل تعداد 33 بنتی ہے۔ الیکشن کمشن نے انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں کرانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ پاک فوج کی نگرانی میں تمام پولنگ سٹیشنوں کے لئے بیلٹ پیپرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین 15، آل پاکستان مسلم لیگ 13، تحریک اسلامی نے 12، جے یو آئی (ف) 10، عوامی تحریک7 اور جماعت اسلامی نے 6 نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے۔ انتخابات میں پاک فوج کے 55 سو جوان‘ چار ہزار دو سو پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اور گلگت بلتستان سکاﺅٹس کے جوان انتخابات کے دوران فرائض انجام دینگے۔ انتخابات کی سکیورٹی کے لئے 112جدید کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ انتخابات کے باعث صوبہ بھر میں آج اور کل عام تعطیل ہوگی جبکہ بنک کھلے رہیں گے۔نوائے وقت نیوز کے مطابق منڈی بہاﺅ الدین کے حلقہ این اے 108 میں ضمنی انتخاب بھی آج ہوگا۔ انتخاب کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ضمنی انتخاب میں 11امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ممتاز احمد تارڑ، پی ٹی آئی کی جانب سے محمد طارق تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف بشیر بھاگت، ق لیگ کی جانب سے حمزہ ناصر اقبال امیدوار ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے ریاض فاروق ساہی بھی میدان میں ہیں یہ نشست تحریک انصاف کے اعجاز چودھری کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
گلگت/ الیکشن

ای پیپر-دی نیشن