• news

اگلے ماہ موبائل فون پر ریڈنگ، رمضان میں بجلی مسلسل فراہم کرینگے: لیسکو چیف

لاہور (ندیم بسرا) رمضان المبارک میں لیسکو گھریلو صارفین کو بجلی مسلسل فراہم کرے گی۔ بجلی چوری، ریکوری، اووربلنگ روکنے کے لئے یکم جولائی سے انڈسٹری، گھریلو اور کمرشل صارفین کی میٹر ریڈنگ بذریعہ موبائل فون لی جائی گی اور صارف کو اس کی موجودہ ریڈنگ کے بارے میں ایس ایم ایس کیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو قیصر زمان نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی نشست میں بتایا رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائیں گے۔ گھریلو صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے انڈسٹری کی بجلی منقطع کرنا پڑی تو وہ بھی کریں گے کیونکہ رمضان المبارک مقدس مہینہ ہے۔ اس لئے کسی بھی علاقے میں ٹرانسفارمر کی خرابی ہو تو ہنگامی طور پر 2 گھنٹے کے اندر ٹرانسفارمر تبدیل کیا جائے گا۔ 500 ٹرانسفارمرز ٹرالی ہمارے پاس موجود ہے۔ انہوں نے کہا فیلڈ افسران کو بہتر مینجمنٹ کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ یکم جولائی 2015ء سے موبائل میٹر ریڈنگ کا نظام متعارف کرا رہے ہیں۔ اس حوالے سے متعلقہ افسران و ملازمین کی ٹریننگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ میٹر ریڈنگ کرنے والے عملے کو نیا موبائل فون دیا جائے گا جس کو لیسکو ہیڈ آفس مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا جیسے ہی میٹر ریڈر یا دیگر عملہ ریڈنگ کرے گا اس کی تصویر موبائل پر لے کر متعلقہ صارف کو بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کیا جائے گا اور ساتھ ہی سینٹرل ڈیٹا لیسکو ہیڈ آفس میں ریکارڈ ہونا شروع ہو جائے گا۔ اس کا بڑا فائدہ یہ ہو گا ریڈنگ جتنی بجلی کے میٹر پر ہو گی وہی سامنے آئے گی۔ میٹر خراب ہو گا تو اس کو تبدیل کیا جائے گا۔ صارفین کے اووربلنگ کے جھگڑے، بجلی چوری کی شکایت ختم ہو گی۔ انہوں نے کہا میں خود موبائل فون ریڈنگ سسٹم کو مانیٹر کروں گا۔ انہوں نے مزید بتایا اگلے مرحلے میں زرعی کنکشن ٹیوب ویل صارفین کی ریموٹ میٹر ریڈنگ کر دی جائے گی۔ لیسکو میں تقریباً 30 ہزار ٹیوب ویل کنکشن ہیں۔ وہاں سے بجلی چوری کی شکایات آ رہی ہیں۔ اس کو ختم کرنے کے لئے اگلے برس سے تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشن کی ریڈنگ ریموٹ میٹرنگ ہو گی۔ اس حوالے سے سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن