• news

لاہور: 33 لاکھ کے ڈاکے، قصور میں زمیندار قتل، کاہنہ میں حمزہ شہباز کا گن مین زخمی

لاہور+ قصور+ فیرورز والہ+ کاہنہ (نامہ نگار+ نمائندگان) لاہور کے مختلف علاقوں میں 33 لاکھ کے ڈاکے چوریاں، قصور میں مزاحمت پر زمیندار قتل کاہنہ میں ڈاکوئوں نے ڈکیتی مزاحمت پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایم این اے حمزہ شہباز شریف کے سرکاری گن مین کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا ہے۔ پولیس کے موقع پر تاخیر سے پہنچنے لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے ۔ بلے والا کا پولیس کانسٹیبل عبدالرزاق ایلیٹ فورس میں تعینات تھا اور وہ حمزہ شہباز کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی دے رہا تھا۔گزشتہ روز وہ اپنے ساتھی کانسٹیبل عابد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سول کپڑوں میں ڈیوٹی پر آرہا تھا شہزادہ گائوں کے قریب دو ڈاکوئوں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک لیا مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر عبدالرزاق شدید زخمی ہو گیا جبکہ کانسٹیبل عابد معجزانہ طور پر محفوظ رہا ۔ مقامی لوگوں نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ڈاکو کو پکڑلیا اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنا کر ایک کمرے میں بند کر دیا جبکہ دوسرا ڈاکو موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ پولیس نے پکڑے گئے ڈاکو کو حراست میں لینے کی کوشش کی تو پورا گائوں سراپا احتجاج بن گیا اور انہوں نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پولیس کے اعلیٰ افسران نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے اور ڈاکو کو ان کی حراست سے نکال کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق 2گولیاں گردن کو پار کر کے نکل گئیں تھیں جبکہ ایک گولی پسلیو ں میں لگی ہے جسے نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ زخمی کانسٹیبل کے ساتھی عابد کے مطابق عبدالرزاق حمزہ شہباز شریف کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہے۔علاوہ ازیں ڈاکوؤں نے ستو کتلہ کے عمرکے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 6 لاکھ10 ہزارروپے ،چوہنگ میں سرفرازکے گھر سے 5 لاکھ 75ہزارروپے ، شادباغ میں احسان کے گھر سے ساڑھے4 لاکھ روپے مالیت، ڈیفنس اے میں وقاص اور اس کی فیملی سے ساڑھے4 لاکھ ر وپے ،گرین ٹائون سی ٹو عمران اور اس کی فیملی سے ایک لاکھ ر وپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ڈاکوؤں نے قائد اعظم انڈسٹریل ایریا ای بلاک ٹائون شپ میں ملک اقبال اور اسکے بیٹے سے ساڑھے4 لاکھ روپے،گلشن راوی میں منظورسے2 لاکھ28ہزار ، شمالی چھا ئونی تاج باغ میں فاروق سے 80 ہزار موٹر سائیکل، اقبال ٹائون سکیم موڑ پرامدادسے ایک لاکھ ، نواب ٹائون میں گوہرسے 1لاکھ 50ہزار ، اسلام پورہ میں رئیس سے 1 لاکھ 20 ہزار، فیکٹری ایریا میں حسن سے 60 ہزار اورو موٹر سائیکل ،جنوبی چھاؤنی میں میں مصباح سے 30ہزار ،مغل پورہ میں ڈاکوئوں نے خادم سے 23 ہزار، سمن آباد میں شاہد سے 35 ہزارروپے اور موبائل فون ،مصطفی ٹائون میں خادم سے 60 ہزار، نواب ٹائون میں اختر سے 75ہزارروپے اور موبائل فون ، ستوکتلہ میں شکیل اور اس کی فیملی سے 30 ہزار، نشتر کالونی میں نعیم سے 80 ہزار ، غالب مارکیٹ میں اظہر سے 85 ہزار روپے اور موبائل فون، ماڈل ٹائون میں جاوید سے 45 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے ۔ چوروںنے ڈیفنس بی سے وقاص، باغبانپورہ سے وسیم ،پرانی انارکلی سے اشرف کی کار جبکہ کوٹ لکھپت سے شہباز گجر پورہ سے ندیم ،شاہدرہ سے نعیم ، شاد باغ سے قاسم ، مصری شاہ سے سرفراز، فیکٹری ایریا سے یوسف ،جنوبی چھائونی سے عمران کی موٹر سائیکلیںچوری کر لی ہیں۔قصور سے نامہ نگار اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حاجی اسحاق اپنے ساتھی کامران کے ہمراہ ڈالہ پر سوار لاہور سے راجہ جنگ آ رہے تھے جب وہ راستہ میں کھرپہ چک کے قریب پہنچے تو ناکہ زن ڈاکوئوں نے انہیں روکنے کااشارہ کیا نہ رکنے پر ڈاکوئوں نے پیچھے سے فائرنگ کر دی کامران موقع پر جاں بحق اور اس کا ساتھی محمد اسحاق زخمی ہو گیا بار ایسوسی ایشن قصور کے رکن زاہد امین ایڈووکیٹ کی موٹر سائیکل چور لیکر لے گئے آصف کو نقدی رقم اور موٹر سائیکل سے محروم کر دیا۔ فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق خان پور نہر کے قریب ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر مدثر سے موٹرسائیکل اور نقدی چھین لی۔ کالاخطائی روڈ ڈاکوؤں نے امجد علی سے ٹرک چھین کر لے گئے۔ جی ٹی روڈ پر ڈاکوؤں نے شمشاد سے رقم اور موبائل چھین لئے لاہور روڈ کی آبادی میں نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک موبائل کمپنی کے آفس میں سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بناکر لاکھوں روپے کی بیٹریاں گاڑی میں لوڈ کرکے فرار ہو گئے ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر اختر سے رقم اور موبائل چھین لیا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق لوہیانوالہ کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران رضا کار زخمی جبکہ سرکاری موٹرسائیکل لیکر فرار ہونیوالا ڈاکو حراست میں لے لیا گیا۔ تھانہ اروپ کے اہلکاروں نے لوہیانوالہ کے قریب ناکہ لگایا ہوا تھا اس دوران ملازمین نے موٹرسائیکل سوار تین مشکوک افراد کو چیکنگ کیلئے رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور ایک ڈاکو ناکہ کے قریب کھڑی سرکاری موٹرسائیکل لے کر فرار ہو گئے جس پر پولیس نے اس کا تعاقب کیا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے عباس رضا کار زخمی ہو گیا بعد ازاں پولیس نے سرکاری موٹرسایکل لیکر جانیوالے ڈاکو کو پکڑ لیا پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو کا نام شاہد ہے تاہم زخمی ہونیوالے عباس رضا کار کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن