• news

میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے

لاہور+ فیصل آباد (خصوصی نامہ نگار/ نامہ نگاران/ نمائندہ خصوصی) میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام میانمارکے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں یکجہتی کیمپ لگایا گیا جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت اقلیتی، تاجر، وکلاء اور صحاٖفی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ان مظلوم مسلمانوں کیلئے ایک مضبوط آواز بلند کرے۔ یکجہتی کیمپ سے لیاقت بلوچ، میاں مقصود، ڈاکٹر فرید پراچہ، پاسٹر نولکھا چرچ ڈاکٹر مجیدایبل، مولانا سیف الدین سیف، علامہ ابتسام الہی ظہیر، مولانا زبیر احمد ظہیر، ضیا الدین انصاری، راجہ احسن اختر، میاں طلحہ انقلابی، ذکر اللہ مجاہد، محمود احمد، فاروق چوہان اور دیگر نے خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ میانمار میں آمریت کا تسلط ہے جواپنے تخت کو بچانے کیلئے وہاں کی عوام کو باہم تفرقہ بازی کی بنیاد پر تقسیم کر رہی ہے اور مسلمان بستیوں کو جلا یا جا رہا ہے اور وہاں پر مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے۔ سینکڑوں مسلمان کشتیوں کے اندر کھلے سمندر میں انتہائی کسمپرسی کی حالت میں موجود ہیں اور پٹرول ختم ہونے پر موت انکے سامنے کھڑی ہے۔ اقوام عالم کی نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں اور ا و آئی سی خاموش تماشا ئی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ حکومت سے ان مظلوم مسلمانوں کیلئے ایک مضبوط آواز اٹھنی چاہیے۔ فرید پراچہ نے کہا کہ میانمار میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، کسی بھی انسان میں اتنی ہمت نہیں کہ کوئی اس دیکھ سکے۔ ڈاکٹر مجیدایبل نے کہا ہم سب بطور پاکستانی ایک ہیں اور بطور انسان میانمار میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ میاں مقصود نے کہا کہ میانمار کے مسلمانوں کے ساتھ انسانی تاریخ کا بد ترین ظلم ہو رہا ہے۔ علامہ ابتسام الہی ظہیر نے کہا اقوام متحدہ کا دوہرا معیار اب پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔ مولانا سیف الدین نے کہا حکومت میانمار مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا فوری نوٹس لے۔ علاوہ ازیں پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مجاہد عبدالرسول خان ، سردار طاہر ڈوگر، شیخ نواز قادری اوردیگر رہنمائوں نے کہا میانمار میں مسلمانوں پر ہو نیوالے مظالم پر پوری دنیا میں خاموشی شرمنا ک ہے۔ ہزاروں مسلمان پناہ کی تلاش میں سمندر میں بھٹک رہے ہیں۔ مزید برآں مرکزی جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام مظاہر ہ کیا گیاجس میں قاضی عبدالغفارقادری، علامہ فاروق ضیائی اور علامہ مولانا سیدارشدحسین گردیزی سمیت بڑی تعداد میں علماء مشائخ اور عوام الناس نے شرکت کی۔ اس موقع پر عالمی اداروں اقوام متحدہ اورعالمی طاقتوں کی خاموشی کے خلاف دھرنا دیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرہ سے خطاب کرتے پیرعلامہ عرفان مشہدی نے کہا کہ برمی مسلمانوں کی مددہر ممکن طریقے سے کرنا ہو گی۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز قصور ریلوے سٹیشن سے للیانی اڈا چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں تمام دینی،مذہبی،جماعتوں کے عہدیداروں کارکنوں، شہریوں اور تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ریلی کے شرکاء میانمار میں ہونے والے ظلم کے خلاف زبردست الفاظ میں نعرہ بازی کرتے رہے۔ ادھرفیصل آباد میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام میانمار کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ضلعی چیئرمین ندیم سندھو اور رانا مقرب نے کی۔ مقررین نے کہاکہ پاکستان میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی سطح پرآوازبلندکرے سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے تحصیل صدر خالد قادری کی قیادت میں ضلعی دفتر ایبٹ روڈ سے علامہ اقبال چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن