لیگی دھڑوں کااتحاد بنانے کی ضرورت ہے، این آر او کی غلطی تسلیم کرتا ہوں: مشرف
اسلام آباد (وقت نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد سے سیاسی قوت بنانے کی ضرورت ہے، این آر او کی غلطی تسلیم کرتا ہوں، خیبرپی کے میں منظم دھاندلی نہیں ہوئی، راحیل شریف محب وطن اور ایماندار جرنیل ہیں، وقت نیوز کے پروگرام ’’ دی ادر سائیڈ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیسری سیاسی قوت کی پاکستان کو ضرورت ہے، کئی سیاستدان نہیں چاہتے کہ نظام میں تبدیلی آئے الیکشن کے نظام میں تبدیلیاں کرنا ہوں گی، فوج استعمال کی جائے تو دھاندلی کے چانس ختم ہوجائیں، آرمی کا ملک چلانے میں کوئی کردار نہیں، ملک چلانا کوئی آسان کام نہیں، نچلے لیول پر ہر جگہ بے ایمانی ہوتی ہے، پاکستان میں بہت سی آرگنائزیشنز ہیں جو حکومت کو چیلنج کرتی ہیں ، ہر آدمی اس ملک میں ٹارزن بننے کی کوشش کرتا ہے، خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن میں منتظم دھاندلی نہیں ہوئی ہوگی، کس نے دھاندلی کی اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا، عمران خان کا دوبارہ الیکشن کرانے کا بیان خوش آئند ہے، نیب چیئرمین جنرل (ر) امجد بہت ایماندار آدمی تھے لیکن کام کرنے کیلئے باقی صلاحیتیں بھی دیکھنی پڑتی ہیں۔ بے نظیر سے ڈیل تھی کہ وہ الیکشن سے پہلے پاکستان نہیں آئیں گی، این آر او کی غلطی کو تسلیم کرتا ہوں ایم کیو ایم سندھ کی واحد شہری پارٹی ہے، اس کے ساتھ آٹھ سال کام کیا، گورنر سندھ اچھی گورنری کررہے ہیں، گورنر عشرف العباد استعفیٰ دیں گے یا نہیں یہ انکی مرضی ہے، مسلم لیگ (ن) چوتھی بار حکومت کررہی ہے اسے اور کتنی بار آزمایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں موجود شدت پسند پاکستان کیخلاف ہیں۔