شدید گرمی کا راج، طویل لوڈشیدنگ کے خلاف کئی شہروں میں مظاہرے، پانی بھی غائب
لاہور+حیدرآباد (نامہ نگار/خبرنگار/نمائندگان/آئی این پی) ملک بھر میں حکومتی دعووں کے باوجود بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ سے لوگ پریشان ہو گئے اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی قلت رہی۔ ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر اتوار کو بھی جاری رہی جس کے باعث چھٹی کے روز لوگوں نے نہروں، دریاؤں اور دوسرے پرفضا مقامات کا رخ کرلیا۔ تاہم شہر قائد کے عوام پر ساحل سمندر جانے پر عائد پابندی اتوار کو بھی برقرار رہی، رحیم یار خان میں درجہ حرارت 46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا راج رہا۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 4ہزار سے زائد میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا رہا جبکہ دوسری طرف شارٹ فال کی وجہ سے بڑے شہروں میں8سے10جبکہ دیہاتوں میں12سے16گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف گزشتہ روز لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے میدانی اور بالائی علاقوں میں آئندہ ہفتے شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان سے 900 میل کے فاصلے پر بحیرہ عرب میں اس وقت ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جو طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے جس سے کراچی سمیت ملک کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں شہریوں کی بڑی تعداد نے سخت گرمی کے باعث چھٹی منانے کیلئے نہر کا رخ اختیار کرلیا جبکہ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا، کئی نوجوانوں کو کان پکڑوا کر ڈنڈے مارے۔ گزشتہ روز شہریوں کی بڑی تعداد نے سخت گرمی کے باعث اتوار کی چھٹی منانے کیلئے نہر کا رخ کر لیا جبکہ متعدد فیملیز بھی پکنک منانے کیلئے نہر پر پہنچ گئیں جبکہ پولیس نے نہر میں نہانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا اور متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ متعدد نوجوانوں کو پکڑ کر مختلف تھانوں مغل پورہ ،ہربنس پورہ ،برکی اور چوہنگ میں بند کردیا ۔ کئی نوجوانوں کو نذرانہ لے کر چھوڑنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ کمایہ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور نواح میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ ادھر سندھ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف حیدر آباد میں سندھ نیشنل پارٹی پارٹی کے رہنمائوں نے اولڈ کیمپس سے پریس کلب تک پیدل مارچ کیا اور دھرنا دیا اس موقع پر مظاہرین نے و فاقی وزیر بجلی کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور ان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ میں دیہی علاقوں میں 16سے 18گھنٹے اور شہری علاقوں میں 12سے 14گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس سے نہ صرف سندھ کی صنعتیں تباہ ہورہی ہیں بلکہ سندھ میں ترقی کا پہیہ بھی جام ہورہا ہے۔ اگر سندھ کے کسی بھی شہر میں عابد شیرعلی کی آمد ہوئی تو سندھ نیشنل پارٹی ان کا گھیرائو کرے گی۔