ماڈل ایان کا ضمانت کیلئے ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی (آن لائن + آئی این پی) کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کی وکیل نے اپنی موکلا کی ضمانت کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں تیسری بار ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر ایان علی کو پریشانی لاحق ہوگئی اور وہ وکیل پر برہم ہو گئیں اور انہوں نے وکیل کو رمضان المبارک سے قبل ضمانت کرانے کی وارننگ دیدی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماڈل ایان علی کی کی خواہش پر ان کی خاتون وکیل شائستہ وہاب نے اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی دوران ملاقات ماڈل کا رویہ انتہائی سخت تھا اوروہ ضمانت نہ ہونے پر سخت پریشان اورغصے میں نظر آرہی تھیں، ملاقات کے دوران ایان علی نے اپنی وکیل پر واضح کیا کہ وہ رمضان المبارک سے قبل جیل سے باہر آنا چاہتی ہیں جس پر ان کی وکیل نے کسٹم عدالت کی جانب سے ملزمہ کی ضمانت مسترد کئے جانے کے فیصلہ کی مصدقہ کاپی حاصل کرلی، آئندہ 2 روز میں لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں ان کی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔دوسری جانب کسٹم کی تفتیشی ٹیم نے دبئی فرار ہونے والے ملزم مبینہ انوسٹر محمد اویس اور پراپرٹی ڈیلر ممتاز حسین کو گرفتار کرکے پاکستان لانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں ، کسٹم انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت سے ملزمہ کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں شامل تفتیش کرنے کی اجازت ملنے پر اس کیس میں مزید گرفتاریاں کی جائیں گی جن کے بارے ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں رواں مالی سال 2015-16 کا وفاقی بجٹ عام آدمی کے ساتھ ساتھ خوبرو ماڈل ایان علی پر بھی اثر انداز ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق میک اپ آرٹسٹ نے اپنے معاوضے میں 60 ہزار روپے ، بوتیک والے نے 45 ہزار روپے جبکہ جیل حکام اور ان کوعدالت لانے اور لے جانے والے عملے نے بھی اپنی ’’بخشش‘‘ کی رقم دوگنا کر دی ہے۔ ایان علی کے قریبی ذرائع کے مطابق ایان علی کی خارش کی بیماری تاحال صحیح نہیں ہو سکی جو بازوئوں اور گردن کے بعد جسم کے دوسرے حصوں تک لگاتار پھیل رہی ہے اور اب وفاقی بجٹ نے بھی ان کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے بجٹ کے پیش ہونے کے بعد میک اپ آرٹسٹ، بوتیک، مساج کرنے والی خواتین نے اپنے اخراجات میں 52 فیصد اضافہ کیا ہے جس سے ایان علی کو اپنے میک اپ، کپڑوں، مساج پر پہلے کی نسبت اڑھائی لاکھ سے زیادہ خرچ کرنا پڑیں گے۔