ہائیکورٹ لاہورکے 10نئے ایڈیشنل ججز نے حلف اٹھا لیا، دوسری مرتبہ تعداد مکمل اِرم سجاد گل تیسری خاتون جج
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے نئے تعینات ہونے والے 10 ایڈیشنل ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ جس کے ساتھ لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی منظور شدہ ساٹھ آسامیاں پر ہو گئیں۔ تقریب حلف برداری ہائیکورٹ کے ججز لاﺅنج میں ہوئی۔چیف جسٹس منظور احمد ملک نے ایڈیشنل ججز سے حلف لیا۔ نئے تعینات ہونے والے ججوں جسٹس سردار احمد نعیم ، جسٹس مشتاق احمد تارڑ، جسٹس شاہد مبین، جسٹس ارم سجاد گل، جسٹس فرخ گلزار، جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی، جسٹس اسلم جاوید منہاس، جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر شامل ہیں۔ ہائیکورٹ میں29ججز کنفرم جبکہ31 ایڈیشنل ججز ہیں۔ چیف جسٹس منظور احمد ملک نے مقدمات میں اضافے کے پیش نظر ججز کی تعیناتی پر خصوصی توجہ دی۔ حلف برداری کی تقریب کو رجسٹرار حبیب اللہ عامر نے کنڈکٹ کیا۔ تقریب میں ہائیکورٹ کے ججز، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب، لاءافسروں، وکلاءعہدیداروں اور ججز کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ قیام پاکستان کے بعد دوسری بار ہائکیورٹ میں ججز کی تعداد مکمل ہوئی ہے۔ بی بی سی اردو کے مطابق جسٹس ارم سجاد گل کے جج مقرر ہونے سے ہائیکورٹ میں خواتین ججوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے بے نظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں 1994ءمیں لاہور ہائیکورٹ میں تین خواتین ججوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ نئی خاتون جج جسٹس ارم سجاد گل لاہور ہائکیورٹ کی پانچویں خاتون وکیل ہیں جو ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گی۔ جسٹس ارم سجاد گل سے پہلے جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی جج ہیں۔ 2012ءسے خواتین ججوں کو مقرر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ جسٹس عائشہ ملک نے مارچ 2012ءاور پھر ایک سال کے وقفے کے بعد اپریل 2013ءمیں جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائکیورٹ کے جج کے منصب کا حلف اٹھایا۔
جج حلف