• news

سری لنکا کی خودمختاری کیلئے پاکستان نے ہمیشہ کردار ادا کیا‘ جنرل راحیل کا دورہ بہت اہم ہے : صدر میتھری پالا

راولپنڈی (آئی این پی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سری لنکن صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کر کے سکیورٹی تربیت اور امن کےلئے آپریشنز کے شعبوں پر تعاون کےلئے اتفاق کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی تعاون اور علاقائی سلامتی پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک قدرتی آفات کے دوران ریلیف آپریشنز میں بھی ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔ اس موقع پر سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا نے آرمی چیف کے دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ سری لنکا کی خود مختاری کےلئے پاکستان نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا اور آرمی چیف کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کےلئے اہم ہے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سری لنکن چیف آف ڈیفنس سے بھی ملاقات کی ہے۔ سری لنکن چیف آف ڈیفنس اور سری لنکن صدر کو تحائف بھی پیش کئے۔ آرمی چیف اور سری لنکن صدر نے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور باہمی مفادات کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔سری لنکن صدر نے قریبی تعاون پر پاکستانی عوام اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ جنرل راحیل شریف کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں فروغ کا باعث بنے گا۔
آرمی چیف / سری لنکا

ای پیپر-دی نیشن