این اے 108 منڈی بہاﺅ الدین : مسلم لیگ (ن) کے ممتاز تارڑ نے پی ٹی آئی کی خالی ہونیوالی نشست بھاری اکثریت سے جیت لی
منڈی بہا¶الدین + لاہور (نامہ نگار+خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) این اے 108 منڈی بہا¶الدین کے ضمنی الیکشن میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے ممتاز تارڑ 77884ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ تحریک انصاف کے محمد طارق تارڑ نے 40570 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ پیپلزپارٹی کے آصف بشیر بھاگٹ 29618ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ ق لیگ کے حمزہ ناصر نے 10791، جماعت اسلامی کے ریاض فاروق ساہی نے 7662 ووٹ لئے۔ این اے 108 کی نشست چودھری اعجاز احمد کی جعلی ڈگری ثابت ہونے پر نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ چودھری اعجاز احمد نے آزاد حیثیت سے 84 ہزار ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ حلقے میں ووٹروں کی کل تعداد 431269، مرد ووٹروں کی 246830 ،خواتین کی 184439 ہے جن کیلئے 289پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ پولنگ کے دوران مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم کی وجہ سے پولنگ سٹیشن نمبر 138 اور 133 کا علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے طارق ساہی نے مسلم لیگ ن کے سابق ناظم رانا سرفراز پر تھپڑوں کی بارش کردی۔ کارکنوں پر تشدد کیا، رکھ بلوچ میں تشدد سے تین کارکن شدید زخمی ہو گئے۔ پولنگ سٹیشن نمبر 138 پر مسلم لیگ ن کا کیمپ اکھاڑدیا گیا۔ پولنگ سٹیشن 138 اور 133 پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سابق ایم پی اے طارق ساہی کی قیادت میں بلےلیکرحملہ کردیا اور میڈیا کے بات کرنے والے سابق ناظم رانا سرفراز کو سابق ایم پی اے طارق ساہی نے تھپڑ مارے اور ان کے سمیت دیگر کارکنوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد پولنگ دو گھنٹے تک بند رہی، رینجرز کی آمد کے بعدحالات کو کنٹرول کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار ممتاز احمد تارڑ نے کہا کہ منڈی بہاﺅ الدین شہر ن لیگ کا گڑھ ہے اور پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر یہاں غنڈہ گردی کی۔ موضع رکھ بلوچ میں تحریک انصاف کے کارکن کو ہوائی فائرنگ کرنے پر پولیس نے گرفتار کر لیا اور ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد کر لی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے منڈی بہاﺅ الدین کے ضمنی انتخابات میں اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ میں ملوث ملزموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔رکھ بلوچ پولنگ سٹیشن پر فائرنگ کا مقدمہ غلام رسول نامی شہری کی مدعیت میں درج کر لیا گیا جس میں پی ٹی آئی رہنما طارق ساہی کے بھائی خالد اور اختر کو نامزد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر ممتاز احمد تارڑ کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی شاندار کامیابی نے دھرنا سیاست کرنے والوں کو آئینہ دکھا دیا۔
ضمنی انتخاب