• news

عالم اسلام، او آئی سی روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ رہنگیا مسلمانوں کا قتل عام رکوانا اور انہیں تحفظ دینا عالم اسلام کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ روہنگیا مسلمانوں کو اقوام متحدہ سمیت حقوق انسانی کے تحفظ کی دعویدار کسی عالمی تنظیم نے تحفظ نہیں دیا اور او آئی سی اور اسلامی دنیا کے حکمرانوں نے بھی انتہائی غفلت اور کوتاہی کا ثبوت دیا جس کی وجہ سے لاکھوں معصوم مسلمانوں کو زندہ جلایا گیا ا ور پکڑ کر جانوروں کی طرح ذبح کر دیا گیا۔ حکومت فوری طور پر اقوام متحدہ میں میانمار کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے قرارداد لائے اور مسلمانوں کی میانمار سے بے دخلی کے خلاف عالمی رائے عامہ کو ہموار کیا جائے۔ منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر جس طرح اسلام دشمنوں اور غیر مسلموں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اسی طرح مسلم حکمرانوں نے بھی اپنے لب سی لئے ہیں۔ عالم اسلام اور او آئی سی خواب غفلت سے جاگے اور روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ اقوام متحدہ مسلمانوں کے خلاف امتیازی رویہ ترک کرے۔ اقوام متحدہ اور نام نہاد مہذب دنیا کے سامنے روہنگیا مسلمان پناہ کی تلاش میں سمندر میں مارے مارے پھر رہے ہیں، انہیں خشکی پر پناہ نہیں مل رہی۔ اب تک سینکڑوں لوگ سمندر میں ڈوب کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے لیکن پوری دنیا خاموشی سے یہ موت کا کھیل دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منافقنہ رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی وجہ سے ہی دنیا میں امن قائم نہیں ہو رہا۔ جماعت اسلامی 14 جون کو اسلام آباد میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم کے خلف بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے ملک بھر میں لاکھوں کی تعداد میں باہر نکلیں اور بے حس حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں۔

ای پیپر-دی نیشن