قومی ہاکی ٹیم کے انتخاب کیلئے 2 روزہ ٹرائلز کل ہونگے
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر ) اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کرنے والے پاکستان ہاکی ٹیم کا انتخاب کے لئے دو روزہ ٹرائلز 11 اور 12 جون کو نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں ہونگے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹرائلز کو مانیٹر کرنے اور بہتر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے انتخاب کے لئے سلیکشن کمیٹی جن میں چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی، ارشد علی چوہدری، ایاز محمود، خالد بشیر اور مصدق علی کو ہدایت کی ہے کہ وہ موقع پر موجود ہوں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ پاکستان ہاکی فیڈرشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ مکمل بااختیار ہے اس کے معاملے میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں ہے۔ امید ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ ملکر اچھی ٹیم کا انتخاب کرئے گی۔ بیلجیئم میں منعقد ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان ٹیم کا اچھی پوزیشن حاصل کرنا بہت ضروری ہے تاکہ 2016ء میں منعقد ہونے والے اولمپک کے میگا ایونٹ کے لئے کوالیفائی کیا جا سکے۔