• news

خیبر ایجنسی: فضائی کارروائی،12 دہشت گرد ہلاک: چارسدہ میں فائرنگ، کونسلر جاں بحق

راولپنڈی+ باڑہ+ سبی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) خیبر ایجنسی میں پاک فوج کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ’’خیبر ٹو‘‘ کامیابی سے جاری ہے۔ فضائی کارروائی میں 12 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے جبکہ سبی میں سکیورٹی فورسز کے کالعدم تنظیموں کیخلاف سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ چارسدہ کے علاقے کلاڈھیر میں نامعلوم افراد کی طرف سے ایک گاڑی پر فائرنگ سے اے این پی کا نومنتخب کونسلر عطاء الحق جاں بحق ہو گیا۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرایجنسی میں بھی دہشت گردوں کیخلاف پاک فوج کی فضائی اور زمینی پیشقدمی جاری ہے۔ خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں 12 دہشت گرد مار ے گئے۔ دہشت گردوں کیخلاف کارروائی پاک افغانستان سرحدی علاقے کے قریب کی گئی جس میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوا۔ واضح رہے گزشتہ روز بھی پاک فوج کے جوانوں اور دہشت گردوں میں پاک افغان بارڈر کے قریب چھڑپ ہوئی تھی جس میں 5 اہم کمانڈرز سمیت 19 دہشت گرد انجام کو پہنچے تھے جبکہ ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کی زد میں آکر 7 سکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوگئے۔ علاوہ ازیں سبی کے علاقے اوچ میں سکیورٹی فورسز کا کالعدم تنظیموںکے نمائندوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر جدید اسلحہ سے فائرنگ کردی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ دہشت گرد علاقہ میں گیس پائپ لائن کا تباہ کرنے کے علاوہ متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ ادھر اسلام آباد پولیس نے شہر کے ختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 29 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ جن سے تفتیش جاری ہے۔ علاوہ ازیں چونکو خیبر پور میں پولیس کے سرچ آپریشن میں 3 اشتہاری ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ادھر چارسدہ کے علاقے کلاڈھیر میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے نومنتخب کسان کونسلر عطاء الحق کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں جاں بحق کسان کونسلر کا تعلق اے این پی سے ہے۔ فائرنگ سے زخمیوں میں نومنتخب جنرل کونسلر عبداللہ اور پولیس اہلکار جان عالم شامل ہیں جن کو طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر اوستہ محمد کے علاقہ ہیڈ باغ اور بابا کوٹ پولیس کو گولیوں سے چھلنی نعش نامعلوم نوجوان کی نعش ملی۔ علاوہ ازیں کوہاٹ محمد زئی میں سابقہ رنجش پر مخالفین کے گھر پر دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے تین نامزد ملزمان باپ بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن