• news

سیالکوٹ، فیصل آباد اور ساہیوال کی جیلوں میں 4 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

لاہور (نامہ نگاران+ اپنے نامہ نگار سے) سیالکوٹ، فیصل آباد اور ساہیوال کی جیلوں میں سزائے موت کے 4 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی جبکہ گوجرانوالہ میں 2 اور لاہور میں ایک مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے گئے۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی کرنے والے دو مجرموں کو منگل کی صبح ساڑھے 4 بجے پھانسی دیدی گئی۔ مجرموں عابد مقصود اور ثناء اللہ نے تحصیل سمبڑیال کے تھانہ بیگووالہ کے علاقہ میں 1997ء میں بارہ سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تھی۔ فیصل آباد میں سزائے موت کے مجرم عابد کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ تھانہ ترکھانی کے علاقے میں عابد عرف بوٹا نے معمولی تلخ کلامی پر یاسین کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ ساہیوال میں معمولی رنجش پر قتل کرنیوالے مجرم نواز کو سنٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ لاہور کے رہائشی مجرم نواز عرف کاکا نے معمولی رنجش پر 1995ء کو فائرنگ کرکے زاہد محمود کو قتل کر دیا تھا۔ گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تہرے قتل اور زیادتی کے دو مختلف مقدمات میں ملوث دو مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے، دونوں مجرمان کو 16 جون کے روز تختہ دار پر لٹکایا جائیگا انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر1 کے جج چودھری امتیاز نے تھانہ شکر گڑھ کے علاقہ میں 3 افراد کے قتل میں ملوث مجرم بشارت علی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر تے ہوئے اُسے 16 جون کو پھانسی پر لٹکانے کا حکم دیا جبکہ فاضل جج نے حافظ آباد کے علاقہ میں 12سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے مجرم محمد اشرف کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرتے ہوئے اسے بھی 16 جون کو تختہ دار پر لٹکا نے کا حکم دیدیا ہے۔ سیشن جج لاہور نے قتل کے مجرم مختار کے بلیک وارنٹ جاری کر دئیے۔ مجرم مختار احمد کو کوٹ لکھپت جیل میں 16جون کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن