شدید گرمی کے باعث طالب جاں بحق، طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج جاری
لاہور (نامہ نگاران) لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں گرمی کی شدت گزشتہ روز بھی برقرار رہی جس کے باعث لوگ بے حال ہو گئے جبکہ وزیر آباد میں ایک طالب علم دم توڑ گیا۔ طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف گزشتہ روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ بجلی کی بندش کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر رہا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا اور کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق ساہیوال کے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا زرعی معیشت مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اکثر دیہاتوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا جس کی وجہ سے نہ صرف گھریلو امور متاثر ہوئے ہیں بلکہ زرعی فصلات مکئی ،کپاس وغیرہ بھی شدید نقصان کی لپیٹ آگئی فصلوں کو بر وقت پانی نہ ملنے کی وجہ سے پیداوار میں 20فی صد تک کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ دیہات میں رہنے والے لوگوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کی ڈوبتی ہو ئی زرعی معیشت کوسہارا دینے کے لئے دیہاتوں میں خصوصی طور پر ٹیوب ویلوں کو کم از کم آٹھ گھنٹے لگاتار بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا جس سے صارفین ذہنی مریض بن گئے۔ کاروباری طبقہ کی مشکلات میں دن بدن اضافہ سے مالی طور پر کمزور ہو نے لگے ، تاجروں اور شہریوں نے شدید احتجاج کر تے ہوئے بتایا کہ میپکو سرکل وہاڑی میں دیگر شہروں کے مقابلہ میںطویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بہت زیادہ چلا آرہا ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان رہنے لگی لہٰذا حکومت فی الفور بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں شدید گرمی اور لوکے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ ساہیوال میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں نے نہروں، پرفضا مقامات اور سوئمنگ پول کا رخ کرلیا۔ شدید گرمی اور لو لگنے سے مختلف دیہات اور گنجان آباد علاقوں میں متعدد افراد کی حالت بگڑ گئی جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیرآباد سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں دلاور چیمہ کا رہائشی 15 سالہ عثمان اشرف گرمی کے باعث دم توڑگیا وہ دربار والی مسجد میں قائم دینی مدرسہ میں زیر تعلیم تھا گزشتہ روز دوران تدریس اچانک گرمی کی شدت کے باعث بے ہوش ہو گیا جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ معصوم بچے کی ناگہانی وفات پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔