سندھ پولیس نے حکومت سے راکٹ لانچر اور بم پروف گاڑیاں مانگ لیں
کراچی (آئی این پی )سندھ پولیس نے صوبائی حکومت کے سامنے بجٹ سفارشات رکھ دیں۔ دس ہزار اضافی اہلکاروں کی تعیناتی اور دفاع کے جدید نظام کا مطالبہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے آئندہ بجٹ کیلئے سفارشات اور تجاویز سندھ حکومت کو باقاعدہ ارسال کردی گئیں۔ سفارشات میں سندھ پولیس نے دہشت گردوں اور ڈاکوؤں سے مقابلے کیلئے راکٹ لانچر طلب کیے جبکہ بم پروف گاڑیوں کا بھی مطالبہ کیا۔ سندھ پولیس نے دس ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کی سفارش بھی کی ہے جن میں تین ہزار اہلکار کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ جبکہ سات ہزار جنرل پولیس میں تعینات کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔