مسلم لیگ ن نے گلگت بلستان میں دھاندلی کی: پی پی‘ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کا اعلان
گلگت (نامہ نگار) پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ ن پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔ سندھ اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر شہلا رضا نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا مسلم لیگ ن نے دھاندلی سے ہمارے مینڈیٹ کو چرا کر اپنی پسند کے نتائج حاصل کر لئے۔ پی پی عہدیداروں نے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن فرقہ واریت کا سہارا لے کر الیکشن پر اثرانداز ہوئی۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مجلس وحدت المسلمین کی قیادت کو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو الیکشن میں کمزور کرنے کے لئے استعمال کیا اس لئے ہم انصاف کے لئے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے گورنر برجیس طاہر پر الزام لگایا کہ ان کے حکم پر الیکشن کمشن نے منصوبہ بندی کے تحت دھاندلی کرکے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب بنایا۔ دوسری جانب دیامر کے حلقہ نمبر2 سے آزاد امیدواروں حاجی عبدالعزیز عطاء اللہ اور نجیب اللہ نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا۔ اسلامی تحریک پاکستان کے رہنمائوں علامہ عارف واحدی اور ڈاکٹر شبیرحسین میثمی نے انتخابات کو انتہائی شفاف آزادانہ اور غیر جانبدارانہ قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد دی۔