• news

میانمار آپریشن کو پاکستان کیلئے پیغام قرار دینا خطرناک ہوگا: بھارتی میڈیا

نئی دہلی (نیٹ نیوز / بی بی سی) میانمار میں شدت پسندوں کے خلاف بھارتی کارروائی کے بعد بیان بازی کا سلسلہ شروع ہوا، پہلے بھارتی وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے میانمار کی سرحد کے اندر بھارتی فوج کی کارروائی کو پاکستان سمیت ان دوسرے ممالک کے لیے ایک پیغام قرار دیا جہاں بھارت مخالف شدت پسند نظریات والے لوگ بستے ہیں۔ اس کے ردعمل میں وزیر د اخلہ چودھری نثار علی نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہے، پاکستان میانمار نہیں ہے۔ اس کے بعد میانمار آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پھر پاکستان پر نشانہ باندھتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بھارت کے اس نئے انداز سے خوفزدہ ہیں انہوں نے ردعمل کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ان بیانات سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی اور درجہ حرارت بڑھا ہے۔ دوسری جانب بھارتی اخبارات میں لکھے جانے والے اداریے اس موضوع پر نسبتاً محتاط رویہ اختیار کیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز نے لکھا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میانمار آپریشن کامیاب رہا اور بھارت کی کوئی ہلاکتیں نہیں ہوئیں لیکن مناسب یہی ہو گا کہ اس کامیابی کے ساتھ جذبات میں نہ بہا جائے اور یہ کہنا خطرناک ہو گا کہ یہ پاکستان سمیت تمام ملکوں کے لیے پیغام ہے۔ اخبار کے مطابق راجیہ وردھن سنگھ راٹھور کا یہ کہنا کہ ’ہم جب اور جہاں چاہیں گے کارروائی کریں گے‘ یہ تاثر دیتا ہے کہ بھارت نے میانمار کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جو سراسر غلط ہے۔ ٹائمز آف انڈیا نے لکھا ہے کہ پاکستان میں شدت پسند گروپوں کے خلاف کارروائی ایک مختلف عمل ہو گا، ان شدت پسندوں کی پرورش پاکستانی ریاست نے کی ہے، اسلام آباد ایسے جنگی کھیلوں کا بخوبی جائزہ لے چکا ہو گا۔ خطے میں شدت پسندی کے خاتمے کے لیے آخر کار حکومت کو سفارتی طریقے اختیار کرنا ہوں گے۔ انڈین ایکسپریس لکھتا ہے کہ بھارت کو ٹھنڈے دماغ اور سنجیدگی کے ساتھ اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ اس آپریشن سے کیا سبق سیکھا جا سکتا ہے اور اس کا استعمال کہاں اور کس حد تک ہونا چاہیے۔ پاکستان کے خلاف اس طرح کی کارروائی کی بات کرنے پر بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے، یہ ذہن میں رکھیے کہ کیا اس کے پاس علاقائی تنازعے کو ایک بڑی جنگ میں تبدیل ہونے کی صورت میں نمٹنے کی صلاحیت ہے یا نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن