قائد اعظم کا کردار ادا کرنے والے عالمی شہرت یافتہ اداکار کرسٹوفر لی چل بسے
لندن (نوائے وقت رپورٹ) عالمی شہرت یافتہ کردار کرسٹوفر لی چل بسے ہیں ان کی عمر 93 برس تھی۔ کرسٹوفر لی کی مشہور فلموں میں لارڈ آف دی رنگز اور سٹار وارز شامل ہیں کرسٹوفر لی نے فلم جناح میں قائد اعظم کا کردار ادا کیا تھا۔کرسٹوفر لی نے ڈھائی سو سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ انہیں 2009 میں ملکہ کی طرف سے نائٹ ہڈ یا ’سر‘ کے اعزاز سے نوازا گیا تھا 2011 میں برطانیہ کے فلم کے سب سے بڑے ادارے ’بیفٹا‘ کی اعزازی فیلوشپ دی گئی۔ ان کا کیرئیر 70 سالوں پر محیط تھا 80 سال کی عمر کے بعد بھی وہ پردے پر نظر آتے تھے۔ وہ 1922 میں لندن میں پیدا ہوئے مگر والدین میں علیحدگی کے بعد ان کا زیادہ تر بچپن سوئٹزرلینڈ میں گزرا۔ 1993 میں انہوں نے فن لینڈ کے لئے سوویت فوج کے خلاف لڑنے کی پیشکش کی لیکن جنگ میں شامل نہ ہو سکے اور فضائیہ میں شامل ہو گئے آنکھیں کمزور ہونے کے سبب انہیں پائلٹ کی تربیت نہیں دی جا سکی۔ سر کرسٹوفر لی کے والدین کا خیال تھا کہ وہ کامیاب اداکار نہیں بن پائیں گے کیونکہ دیکھنے میں کچھ زیادہ ہی غیر ملکی لگتے تھے لیکن ان کی والدہ کے رشتے کے بھائی نے ان کی مدد کی جو اطالوی سفیر تھے اور انہوں نے ایک کمپنی کے ساتھ سات سال کا معاہدہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے تھیٹر اور فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار کرنے شروع کیے۔ 50 کی دہائی میں انھوں نے ہیمر فلمز کے ساتھ کنٹریکٹ سائن کیا۔2004 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی فلم ’جناح‘ کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانیِ پاکستان پر بنائی گئی یہ فلم ان کی سب سے اہم فلم تھی۔ ان کا کہنا تھا یہ ایک انتہائی اہم موضوع تھا اور بطور اداکار یہ ایک بڑی ذمہ داری تھی۔ فلم جناح کے بارے میں سر کرسٹوفر کا کہنا تھا کہ ’اپنی اداکاری کے بارے میں مجھے اپنی زندگی میں اس سے بہتر ریویو پہلے کبھی نہیں ملے تھے۔