پشاور ہائی کورٹ نے پی کے 95 میں دوبارہ انتخابات کا حکم معطل کر دیا، جماعت اسلامی کا ایم پی اے بحال
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 95 لوئر دیر میں دوبارہ انتخابات کرانے کے حوالے سے الیکشن کمشن کے احکامات معطل کرتے ہوئے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے کو اپنے عہدے پر بحال کر دیا۔ حلقہ پی کے 95 سے ضمنی انتخابات میں منتخب ہونے والے اعزاز الملک نے وکیل غلام محی الدین ، عامر جاوید اور فدا گل ایڈوکیٹ کے وساطت عدالت عالیہ میں رٹ دائر کی تھی کہ الیکشن کمشن کا انتخابات معطل کرنے اور دوبارہ انتخابات کرنے کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 218 اور 225کی خلاف ورزی ہے کیونکہ اس طرح کے احکامات الیکشن ٹربیونل دے سکتی ہے نہ کہ الیکشن کمشن۔ مقدمہ کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم اور جسٹس مسز ارشاد قیصر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی دوسری طرف رکن قومی اسمبلی عائشہ سعید نے الیکشن کمشن میں رپورٹ جمع کرائی تھی کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے منع کیا گیا ہے چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایک خاتون نے بھی شکایت نہیں کی ہے کہ انہیں ووٹ ڈالنے سے محروم رکھا ہے تو کیوں پھر دوبارہ الیکشن کرایا جا رہا ہے الیکشن کمشن سے جواب طلب کر لیا۔