• news

41واں چائلڈ لیبر ڈے آج منایا جائیگا، سیمینار، مذاکراے، ریلیاں ہونگی

لاہور(رفیعہ ناہیداکرام)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 41واں چائلڈ لیبر ڈے منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد عوام الناس میں محنت کش بچوںکے مسائل، حقوق کے بارے شعور بیدار کرنا اور انکی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کی طرف دنیا بھر کی حکومتوںکی توجہ مبذول کروانا ہے۔ یہ دن اقوم متحدہ او راس کے ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشنزایمرجنسی فنڈ کے زیر اہتمام 1974ء سے ہر سال یو این او کے 170 سے زائد ممالک میں بھر پو ر طریقے سے منایا جا تا ہے اورہر سال کی طرح آج بھی بچوںاور انسانی حقوق کی تنظیموںکے زیراہتمام سیمینارز، مذاکرے اور آگاہی واکس، ریلیاںمنعقد ہونگی۔ دنیا میں 5 سے17سال کی عمر کے0 3کروڑ اور پاکستان کے تین کروڑبچے انتہائی کم اجرت اورانتہائی ناگفتہ بہ حالات میں محنت مزدوری پر مجبور ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق10برسوں میں پاکستان میں چائلڈ لیبر کا شکا ربچوںکی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے اور بچوں سے مشقت کے حوالے سے پاکستان دسویں نمبر ہے۔ صرف لاہور کے 8لاکھ سے زائد بچے گھر والوں کا پیٹ پالنے کیلئے انتہائی کم اجرت پر 12گھنٹے سے زائد مزدوری پر مجبور ہیں۔ نوائے وقت سے گفتگو میں گاڑیاں دھونے والے عاصم اور عرفان نے بتایاکہ ہم گاؤںسے گھروالوںکے قرض چکانے کیلئے لاہور آئے مگر یہاں بہت کام لیا جاتا ہے اور مزدوری بہت کم دی جاتی ہے۔ گھریلو ملازماؤں ماریہ اور شبانہ نے بتایاکہ ہم یہاں غیرانسانی سلوک برداشت کرنے پر مجبور ہیں، نیند پوری نہیں ہوتی بہت سخت ڈیوٹی ہے۔ جپسی بچوںکی تنظیم گود کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نذیر غازی، پلان انٹرنیشنل کے افتخار مبارک اور چلڈرن ایڈووکیسی نیٹ ورک کی راشدہ قریشی نے کہاکہ چائلڈلیبراور جبری مشقت کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے سوا پانچ ارب روپے کا اعلان خوش آئند ہے تاہم مؤثرقانون سازی اور عملدرآمد کا میکنزم واضح کرنابھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن