مودی کی دھمکیوں کیخلاف خواجہ سرائوں کا ٹکسالی چوک میں احتجاج، تصاویر نذرآتش
لاہور (آن لائن) لاہور کے علاقہ ٹیکسالی چوک میں خواجہ سرائوں نے گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستان کے خلاف دھمکیوں پر شدید احتجاج کیا اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کی تصاویر بھی نذر آتش کیں۔ بھارت کے خلاف احتجاج کرنیوالے خواجہ سرائوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ آج پیش کئے جانے والے بجٹ میں خواجہ سرائوں کیلئے سرکاری ملازمتوں کے کوٹہ کے حوالے سے پیکج کا اعلان کریں گے۔ ٹیکسالی چوک میں نریندر مودی کی پاکستان کیخلاف دھمکیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے خواجہ سرائوں نے تالیوں کے ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی کی اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ پاکستان کو دھمکیاں دینے سے باز رہے وگرنہ خواجہ سرا واہگہ بارڈر پر پہنچ کر ان کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کہا کہ پاکستان کے خواجہ سرا اس پاک دھرتی کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہانے سے گریز نہیں کریں گے۔ اس موقع پر خواجہ سرائوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر نذر آتش کیں اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر خواجہ سرائوں نے کہا کہ شہباز شریف آج بجٹ میں خواجہ سرائوں کے لئے ملازمتوں کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کریں گے۔