فیصل آباد اور ہری پور میں 2 مجرموں کو پھانسی، 5 کے ڈیتھ وارنٹ جاری
فیصل آباد/ ہری پور/ لاہور (نمائندہ خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے+ آن لائن) فیصل آباد اور ہری پور میں 2 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا جبکہ سیالکوٹ میں ایک، بہاولنگر میں 2 اور لاہور میں 2 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے گئے۔ تفصیل کے مطابق 14 سال قبل پھوپھی کو قتل کرنے والے مجرم شفیق کو ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق 2001ءمیں ت ھانہ کوتوالی کے علاقے میں شفیق احمد نے اپنی پھوپھی کو قتل کر دیا تھا۔ ہری پور کی سنٹرل جیل میں بھی سزائے موت کے مجرم گل محمد کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم کو مردان کی عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں دوران ڈکیتی شہری کو قتل کرنے والے مجرم شفاقت عرف شاقو کو 16 جون کو پھانسی دی جائے گی۔ سیشن جج بہاولنگر نثار احمد نے دو مختلف مقدمات قتل میں محمد اصغر اور غلام رسول عرف گامی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے ہیں دونوں مجرمان کو 16 جون کو سنٹرل جیل بہاولپور میں پھانسی دی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے قتل کے دو مجرموں کی سزئے موت پر عملدرآمد کے لئے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے۔ مجرم خضر حیات کو 16 جون کو اور سعید کو 17 جون کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابقڈسٹرکٹ جیل مچھ میں پھانسی کے منتظر ملزم کا راضی نامہ منظور نہ ہونے پر ملزم کو پھانسی 17جون کودی جائے گی۔ ملزم علی گل کو پہلے 20اپریل کو ڈسٹرکٹ جیل مچھ میں پھانسی دی جانی تھی۔ ملزم نے سپرٹنڈنٹ جیل مچھ کے توسط سے راضی نامے کی کاپی سیشن جج اوستہ محمد کو بھیجی تھی عدم منظوری کے بعد راضی نامہ مسترد کردیا گیا ۔
پھانسی