میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کےخلاف ریلیاں، جے یو آئی آج یوم احتجاج منائےگی، وکلا ہڑتال کرینگے
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ اپنے نامہ نگار سے+نمائندگان) میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف کئی شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جبکہ جے یو آئی آج جمعہ12جون کو میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے بدترین مظالم کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منائے گی۔ جب کہ لاہور بار ایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور وہ عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے۔ جے یو آئی کے قائم مقام سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے ان مظالم کے خلاف جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے احتجاج کی کال دی ہے اس موقع پر مساجد میں علماءاور خطباءاسی موضوع پر خطاب کریں گے اور مذمتی قراردادیں منظور کرائیں گے اور ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے جن سے قائدین خطاب کریں گے۔ دریں اثناء فیصل آباد میں متحدہ علماءاسلام کے زیر اہتمام میانمار احتجاجی ریلی مرکزی جامعہ مسجد کچہری بازار سے چوک گھنٹہ گھر تک نکالی گئی وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق موبائل ایسوسی ایشن نے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی اور مرکزی انجمن تاجران اور موبائل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، نارووال میں بھی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈسٹرکٹ بار کے وکلاءنے میانمار میں مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے، ضلع کچہری سے شروع ہونےوالی رےلی سیالکوٹ روڈ سے واپس ضلع کچری پہنچ کر اختتام پذےر ہوئی، جہاں شرکاءنے نعرے بازی کرتے ہوئے دھرنا دیا ، اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت کو میانمار کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کےلئے ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں۔ علاوہ ازیں لاہور بارکے وکلا آج ہڑتال کرکے عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے۔ دریں اثناڈسکہ میں 2 وکلا کے قتل کے خلاف وکلا میں غم وغصہ کی لہر جاری ہے گزشتہ روز لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری اشتیاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ڈسکہ میں وکلا رہنما کے قاتلوں کے خلاف فوری طور پر عدالت میں پیش کرکے 15 دن کے اندر اس کا فیصلہ کیا جائے۔ ہمیں پولیس پر اعتمادنہیں۔ جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے اور آمروں کے خلاف سڑکوں پر آنے والے وکلا کو انتہائی بے دردی سے قتل کرنا ایک گھناﺅنی سازش ہے۔
مظالم کیخلاف ریلیاں