• news

آرمی چیف جنرل راحیل شریف رواں ماہ روس کا اہم دورہ کریں گے

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) آرمی چیف جنرل راحیل شریف رواں ماہ روس کا اہم دورہ کریں گے۔ دارالحکومت کے سفارتی ذرائع کے مطابق آرمی چیف کا دورہ پہلے سے طے شدہ ہے اور ماسکو میں قیام کے دوران جنرل راحیل شریف روس کی اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کریں گے جکہ روس کے دفاع و سلامتی کے حکام کے ساتھ بھی ان کی ملاقاتیں ہوں گی۔ ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور روس کی افواج کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ کرنے، خطہ میں سلامتی کی صورتحال، بطور خاص افغانستان کے حالات اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کے امکانات پر بات کی جائے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی روس کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پہلے آرمی چیف تھے۔ اسی دوران روس کی مسلح افواج کے سربراہان اور روس کے وزیر دفاع بھی پاکستان آئے۔گزشتہ تین برسوں سے پاکستان اور روس کے درمیان دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو زبردست فروغ ملا ہے۔ اس ذریعہ کے مطابق جنرل راحیل، آرمی ایوی ایشن کیلئے روسی ہیلی کاپٹروں کے موضوع پر بھی بات چیت کریں گے۔ روس پاکستان کو پہلے سے جدید ہیلی کاپٹر ایم آئی 35 فراہم کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن