آئی ایم ایف شرائط، حکومت نے دسمبر تک سٹیل ملز کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا
کراچی (آن لائن) عالمی مالیاتی فنڈ کے ڈالرز نے مزید رنگ دکھانا شروع کردیئے، حکومت نے پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری رواں سال دسمبر تک کرنے کا فیصلہ کرلیا، کنسورشیم نے ادارے کا دورہ کر کے مختلف شعبوں کے سربراہان سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ سرکاری اداروں کی نجکاری عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط کا حصہ ہے۔ حکومت نے کروڑوں ڈالر پر مشتمل اگلی قسط کے حصول کیلئے پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کے لئے کوششیں تیز کردیں۔گذشتہ ہفتے اجلاس میں مالی مشیر اور دیگر حکام نے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ چند روز قبل آئی ایم ایف کے وفد نے سٹیل ملز کا دورہ کیا اور اب کنسورشیم پاکستان سٹیل ملز پہنچ گیا جہاں مختلف شعبوں کے سربراہان سے مل کر تفصیلات طلب کیں۔ مشینری، پرزہ جات اور اثاثوں کی مالیت کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔کنسورشیم میں چائنا ڈویلپمنٹ بینک، پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی، اباکس کنسلٹنگ ٹیکنالوجی اور دیگر شامل ہیں۔ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر کا کہنا ہے ادارہ رواں سال دسمبر یا جنوری 2016 تک فروخت کردیا جائے گا۔